نیپالی وزیر کا اشتعال انگیز بیان ہند نیپال تعلقات پر اثرانداز ہوگا - ہندوستان کا ردعمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-04

نیپالی وزیر کا اشتعال انگیز بیان ہند نیپال تعلقات پر اثرانداز ہوگا - ہندوستان کا ردعمل

نئی دہلی، کھٹمنڈو
پی ٹی آئی
ہندوستان نے نیپال میں ہندوستانی سپاہیوں کو سادہ لباس میں بھیجنے کے الزامات کو اشتعال انگیز اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور مسترد کردیا۔ اسی دوران ہندوستانی نژاد مد ھیسیوں کی جانب سے ہمالیائی ریاست کے نئے دستور کے خلاف احتجاج جاری ہے ۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے سخت الفاظ پر مبنی بیان میں نیپالی وزیر بلا قلمدان ستیہ نارائن منڈل کے ان ریمارکس پر گہری تشویش ظاہر کی ۔ منڈل نے بیرت نگر میں ایک پریس کانفرنس میں کل الزام لگایا تھا کہ ہندوستان سادہ لباس میں اپنے سپاہیوں کو نیپال میں بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے کیونکہ وہ وردی میں اپنی فوج نہیں بھیج سکتا ۔ سفارتخانہ نے اس پر اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ ریمارکس اشتعال انگیز ، بے بنیاد اور بد نیتی پر مبنی ہے جو نیپال کی حکومت میں وزیر کا عہدہ رکھنے والے ذمہ دار شخص کی جانب سے کئے گئے ہیں ، جس سے ہندوستان اور نیپال کے درمیان باہمی تعلقات پر برا اثر پڑے گا ۔ سفارتخانہ کے بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان امن، استحکام اور نیپالی عوام کی خوشحالی کا خواہاں ہے اور وہ ان مقاصد کے حصول کے لئے نیپال کی حکومت اور عوام کی مسلسل تائید کرتا آرہا ہے اور اسے جاری رکھے گا ۔ یاد رہے کہ بیر گنج میں مخالف دستور احتجاجیوں پر کل نیپالی پولیس نے فائرنگ کردی تھی جس میں ایک ہندوستانی نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ نیپالی سیکوریٹی اہلکاروں نے دو ہندوستانی کو مقام مظاہرہ سے حراست میں لے لیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی سے بات کی اور نیپال میں پولیس فائرنگ میں بہار کے ایک نوجوان کی بد بختانہ ہلاکت کی مذمت کی اور گہرے صدمہ کا اظہار کیا ۔ دوسری جانب نیپال کے سفیر دیپ اپادھیائے کو ساؤتھ بلاک میں طلب کرتے ہوئے ہندوستان کے احتجاج سے واقف کروایا گیا۔ بعد ازاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے نیپالی سفیر نے ہندوستانی کی موت کو نہایت تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے ایندھن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے بارے میں تیقن دیا کہ ہندوستان کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔ تاہم انہوں نے ساتھ ہی نیپالی قائدین سے بحران کے جلد اور موثر حل کے لئے کام کرنے کی اپیل کی ۔

Nepalese minister's allegations 'provocative, baseless': India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں