مفتی سعید کی وزارت اعلیٰ سے سبکدوشی کا امکان - سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-13

مفتی سعید کی وزارت اعلیٰ سے سبکدوشی کا امکان - سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں

جموں
آئی اے این س
دو سینئر قائدین اور لوک سبھا ارکان کی جانب سے کھلی بغاوت کے بعد جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت میں یہ سیاسی افواہین گشت کرہی ہیں کہ حکمراں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی میں عنان اقتدار والد سے دختر کو منتقل ہوجائے گی۔ ایسا جلد یا بدیر ہوسکتا ہے ۔ گزشتہ9نومبر کو ریاستی حکومت نے جموں سے کام کرنا شروع کیا ہے اور اسی وقت سے سیول سکریٹریٹ کی راہداریوں اور سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آیا مفتی سعید اپنی دختر کے حق میں عہدے سے فوری دستبردار ہوجائیں گے یا آئندہ سال تک انتظار کریں گے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے سیاسی حلقوں میں یہ باور کیاجاتا رہا ہے کہ مفتی محمد سعید جو12جنوری2016کو 80 سال کے ہوجائیں گے ، عنان اقتدار اپنی دختر و پارٹی صدر56سالہ محبوبہ مفتی کے حوالے کردیں گے ۔ محبوبہ مفتی نہ صرف پارٹی امور میں شرکت کرتی ہیں بلکہ لوک سبھا میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ حلقہ کی نمائندگی بھی کرتی ہیں۔ پی ڈی پی کے ایک سینئر قائد نے جو سعید اور ان کی دختر دونوں کے قریب بتائے جاتے ہیں کہا کہ پارٹی کے قیام کے بعد سے اس کے احیاء میں ان کے رول کو مد نظر رکھتے ہوئے وہ بلا شبہ بہترین انتخاب ہیں ۔ وہ اپنے والد کی سب سے زیادہ قابل اعتبار مشیر بھی ہیں ۔ بہر حال پی ڈی پی میں اقتدار کی منتقلی اتنی سہل نہیں ہوگی جتنی والد اور دختر کے بہ خواہوں کی خواہش ہے ۔ پی ڈی پی کے دو سینئر قائدین اور لوک سبھا ارکان، مظفر حسین بیگ اور طارق حمید قرہ، ریاست میں پی ڈی پی ، بی جے پی اتحاد کے خلاف عوام سے رجوع ہورہے ہیں ۔ پی ڈی پی ، کانگریس کی سابق مخلوط حکومت میں جس کی سربراہی غلام نبی آزاد کرتے تھے، مظفر حسین بیگ ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز تھے ۔ جب کہ قرہ وزیر فینانس تھے ۔ دونوں قائدین نے ریاست میں7نومبر کو وزیرا عظم نریندر مودی کی ریالی میں شرکت نہیں کی ۔ بیگ نے کہا ہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے مابین اتحاد عوام کی امنگوں پر پورا اترنے میں یکسر ناکام ہوچکا ہے ، اور اس کی ناکامی ریاست میں پی ڈی پی کے زوال کا سبب بن سکتی ہے ۔ قرہ نے مزید تلخ الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جمو و کشمیر کے لئے اس سے برا کچھ نہیں ہوسکتا ہے۔ حکومت میں کوئی سیاسی مباحث اور گنجائش نہیں پائی جاتی ، جس کے لئے یہ پارٹی قائم کی گئی تھی ۔ بیگ کے بھتیجے ، شمالی کشمیر کے بارہمولہ حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ قرہ کی نسبتی بہن آسیہ نقاش موجودہ حکومت میں وزیر اور سر ی نگر کے حضرت بل علاقہ کی رکن اسمبلی ہیں ۔ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے پی ڈی پی کے ساتھ موجودہ اتحاد کے قیام سے قبل کہا تھا کہ سعید، اسمبلی کی مکمل6سالہ میعاد تک چیف منسٹر رہیں گے ۔(واضح رہے کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے برعکس کشمیر اسمبلی کی میعاد 6سال ہوتی ہے )

Mufti Demitting Power to Daughter Next Month?

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں