گجرات بلدی انتخابات - پٹیل طبقہ کی خواتین کا زبردست احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-26

گجرات بلدی انتخابات - پٹیل طبقہ کی خواتین کا زبردست احتجاج

احمد آباد
یو این آئی
چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل کو آج بی جے پی کے مضبوط گڑھ ضلع مہسانا میں بلدی انتخابات میں مہم چلانے کے دوران اپنے ہی پٹیل طبقہ کی خواتین کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ۔ یہاں56میونسپالٹیز،31ضلعی پنچایت اور240تعلقہ پنچایت کے انتخابات کے لئے29نومبر کو رائے دہی منعقد ہوگی ۔ یہ واقعہ مہسانا ضلع کے ناگل پور علاقہ میں آج صبح پیش آیا۔ تقریبا 500احتجاجی خواتین کی جانب سے رکاوٹیں پھلانگتے ہوئے چیف منسٹر کی جانب بڑھنے پر پولیس نے انہیں منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا۔ پولیس کنٹرول روم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس لاٹھی چارج میں کوئی بھی خاتون زخمی نہیں ہوئی ۔ چیف منسٹر آنندی بین پٹیل کو ضلع مہسانا کے ایک اور علاقہ ویس نگر میں بھی اپنے ہی طبقہ کی جانب سے اسی طرح کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ۔ ویس نگر میں مردو خواتین نے یہاں چیف منسٹر کی ریالی میں دھاتی رکابیوں اور تھالیوں کو بیلن سے پیٹتے ہوئے ریالی کو درہم برہم کردیا۔ یہ احتجاج پٹیل طبقہ کو تحفظات کے لئے مہم چلانے والے پاتیدار امانت آندولن سمیتی( پاس) اور سردار پٹیل گروپ( ایس پی جی) کے حامی تھے ۔ ان تنظیموں نے اپنے احتجاج کو پولیس کے ذریعہ سینکڑوں کارکنوں بشمول تنظیم کے قائد ہاردک پٹیل کو جیل میں بھیجتے ہوئے احتجاج کو ختم کروانے پر حکومت پر الزام عائد کیا ۔ اس پر تحفظات کے حامی احتجاجیوں نے چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل اور بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئے اسے ادارہ جات مقامی اور بلدیاتی انتخابات میں شکست دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت نے پاس کے کنوینر ہاردک پٹیل پر ملک سے غداری کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور جیل بھیج دیا۔ اس دوران چیف منسٹر آنندی بین پٹیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رکابیوں کو چمچہ سے مارتے ہوئے گڑ بڑ کرنے دیجئے لیکن مہسانا کے عوام بی جے پی کو ہی ووٹ دیں گے ۔
احمدآباد سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب گجرات میں پٹیل طبقہ کو تحفظات کے حصول کے لئے مہم چلانے والی تنظیم کے کنوینر ہاردک پٹیل جنہیں ان کی ایک تقریر پر ملک سے غداری کے الزامات کا سامنا ہے ، کی آواز کے نمونوں درست پائے گئے۔ گاندھی نگر کی فارنسک سائنس لیباریٹری(ایس ایس ایل) کے ایک عہدیدار نے آج بتایا کہ فارنسک جانچ کے دوران تقریر کردہ آواز اور ان کی آواز کا تقابل کیاگیا جو مثبت پائے گئے ۔ احمد آباد سٹی کرائم برانچ کی درخواست پر ایف ایل ایس ایل نے ہاردک کی آواز کی جانچ کی تھی۔ احمد آباد سٹی کرائم برانچ، ہاردک پٹیل کے خلاف ملک سے غداری اور حکومت کے خلاف اعلان جنگ کے الزامات کی تحقیقات کررہی ہے ۔ فی حال ہاردک پٹیل سورت کی جیل میں قید ہیں ۔

Gujarat CM Anandiben Patel faces Patidar protest at Municipal and panchayat polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں