صدر منتخب ہونے پر غیرقانونی تارکین وطن کو بےدخل کرنے کا وعدہ - ریپبلکن امیدوار ٹرمپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-02

صدر منتخب ہونے پر غیرقانونی تارکین وطن کو بےدخل کرنے کا وعدہ - ریپبلکن امیدوار ٹرمپ

ریپبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امید وار کی دوڑ میں سب سے آگے چلنے والے ڈونالڈ ٹرمپ ہرگلی، محلے اور چوراہے پر چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ صدر بن گئے تو اس ملک میں تقریبا ایک کروڑ غیر قانونی طریقے سے رہنے والے لوگوں کو ایک جھٹکے میں باہر نکال دیں گے ۔ برسوں سے یہاں رہنے والے ان لوگوں پر کیا بیتے گی ، وہ تو ایک الگ کہانی ہوگی تاہم امریکہ پر کیا گزرے گی یہ سوچ کر ہی سیم چچا کے سپوتوں کی گھگھی بندھ جانی چاہئے ۔ کھیتوں میں کام کرنے والے لوگ نہیں ہوں گے ، دکانوں میں سامان ڈھونے والے نہیں ہوں گے، پانی اور برقی ٹھیک کرنے والے نہیں ہوں گے ، ریستوران میں کھانا بنانے اور سروس کرنے والے نہیں ہوں گے ، گھروں کی مرمت کرنے والے بھی نہیں ہوں گے ۔ اگر یہ ڈرنے کے لئے کافی نہیں ہے تو ٹرمپ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ان کے راج میں دفر ہو یا دکان، ملک میں کوئی بھی کونا ایسا نہیں ہوگا جہاں بندوق لے جانے کی آزادی نہیں ہوں گی ۔ یعنی باس پر غصہ آئے تو بندوق نکالو ، بار میں غصہ آئے تو بندوق نکالو ۔ پولیس پر غصہ آئے تو بندوق نکالو اورجب جی چاہے تو بندوق نکال لو۔ اگر ٹرمپ کی باتیں کافی نہیں ہیں تو دوسرے امید وار بھی ہین ۔ کوئی اسلام کے خلاف جنگ چھیڑنے کی بات کررہا ہے ، تو کوئی ہم جنس پرستوں کے خلاف، کسی کو دوبارہ عراق میں امریکی فوجیوں چاہئیں تو کوئی روس کو سبق سکھانے کی بات کہہ رہا ہے۔ چوبیس گھنٹے فون سنے جانے کا ڈر، ای میل پڑھے جانے کا ڈر، فارما سیوٹیکل کمپنیوں کی طرف سے اچانک قیمت میں پانچ سو گنا اضافہ ہونے کا ڈر ، بینکوں کے دیوالیہ ہوجانے کاخوف، بچوں کے کم کارڈ شیاں اور ایملی سائرس کے بہکاوے میں آنے کا خوف ، سیاہ فاموں کا ڈر، چینیوں کا ڈر، فیس بک کے ڈس لائیک بٹن کا خوف اور پھر اس سب کے باوجود بھی ہیلو وین؟ ویسے اس موقع پر ٹرمپ کے ماسک بھی دھڑا دھڑ فروخت ہورہے ہیں ۔ جناب یہ امریکہ ہے، بڑے لوگوں کی بڑی بات ہوتی ہے ۔ یہاں ماسک کی فروخٹ سے اس شخص کی مقبولیت کا بھی اندازہ لگایاجاتا ہے ۔ ہیلو وین کاسٹیوم فروخت کرنے والی ویب سائٹ سپرٹ ہیلو وین کی بات مانیں تو1996ء کے بعد سے ہر انتخاب میں جس امید وار کے ماسک سب سے زیادہ فروخت ہوئے ہیں اسی کو وائٹ ہاؤس کی چابیملی ہے ۔ تو1996ء میں جن ماسکز کی سب سے زیادہ فروخت ہوئی ، ان میں71فیصد بل کلنٹن کے تھے،2000میں بش صاحب کے ماسک57فیصد تک فروخٹ ہوئے اور عراق کی جنگ کے بعد 2004کے انتخابات میں65فیصد ماسک بش کے ہی فروخت ہوئے تھے۔ اوباما کے ماسک کی فروخت2008اور 2012دونوں ہی میں 60فیصد تک رہی۔ ویسے سنا ہے کہ ان دنوں ہندوستان اور پاکستان میں بھی آپ لوگ ہیلو وین منانے لگے ہیں ۔

Donald Trump Says He Would Deport Illegal Immigrants

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں