حیدرآباد کو جرائم سے پاک معیاری شہر بنانے کا عزم - وزیر اعلیٰ تلنگانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-23

حیدرآباد کو جرائم سے پاک معیاری شہر بنانے کا عزم - وزیر اعلیٰ تلنگانہ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کو جرائم سے پاک اور معیاری شہر بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس شہر کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ کے چندر شیکھر راؤ آج روڈ نمبر12بنجارہ ہلز میں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنریٹ ہیڈ کوارٹرس اور انٹیگر یٹیڈ پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ قبل ازیں انہوں نے ان دو مجوزہ عمارتوں کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھا یہ عمارتیں 7ایکر اراضی پر تعمیر کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان دو عمارتوں کے تعمیر ی کام کے لئے302کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ آئندہ سال کے بجٹ میں مزید700کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلند وبالا عمارتیں25اور18منزلہ ہوں گی ۔ ان بلند ٹاورس کی چھت پر ہیلی پیاڈ کی سہولت بھی رہے گی ۔ ان عمارتوں سے شہر میں تنصیب کئے جانے والے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ شہر میں ٹریفک مسائل، جرائم کے واقعات دیگر سر گرمیوں پر نظر رکھی جائے گی ۔ دورے سنگا پور اور چین کا تذکرہ کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ ان شہروں میں پولیس سڑکوں پر دکھائی نہیں دیتی اگر کوئی واقعہ پیش آنے پر پولیس عملہ اندورن دو منٹ مقام واقعہ پر پہنچ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور بیرون ممالک کے صنعت کاروں کو شہر حیدرآباد میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے لئے نظم و ضبط پر مکمل کنٹرول ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں نظم و ضبط کا مسئلہ صرف پولیس کے ذریعہ حل نہیں ہوسکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں شہریوں کو بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے پر پولیس کے محکمہ میں رشوت خوری میں کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سے وابستہ ملازمین کے رویہ میں زبردست تبدیلی آئی ہے ۔ گوداوری پشکر الو کے موقع پر پولیس ملازمین کا عوام کے ساتھ رویہ انتہائی خوشگوار تھا جس کی عوام نے ستائش کی ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ ، اسمبلی اور کونسل سے درخواست کی کہ وہ حیدرآباد میں نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لئے فنڈ کا کچھ حصہ حکومت کے حوالے کریں ۔ مملکتی مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے حیدرآباد کو عالمی معیار کاشہر بنانے اور محکمہ پولیس کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لئے وہ مرکزی حکومت سے فنڈس کے حصول کے لئے کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ملک کے تمام ریاستوں کے عوام گجراتی، تامل ، کرناٹک، مراٹھی اور دیگر لوگ رہتے ہیں ۔ انہوں نے حیدرآباد کومنی انڈیا قرار دیا ۔ جہاں ہندو مسلم، سکھ عیسائی اور دیگر مذاہب کے ماننے والے مل جل کر رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ہندو راشٹریہ بنانے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کیاجارہا ہے ۔ ہندوستان کو دنیا کا نمبر ون ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے عوام کو توجہ دینا چاہئے ۔ ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ حکومت، سٹی حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ پولیس کو عصری آلات سے لیس کررہی ہے ۔ حکومت شہر حیدرآباد میں خواتین کے تحفظ کے لئے شی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس کے کیشو راؤ نے کہا کہ حکومت نے شہر میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لئے کئی ترقیاتی اقدامات کئے ہیں ۔ رکن پارلیمنٹ ایم وی ہنمنت راؤ نے شہر اور اضلاع میںخدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین کے حاکمانہ رویہ پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک سیکولر ملک ہے۔ لیکن بعض سیاسی طاقتیں اس ملک کو ہندو راشٹریہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عوام کو متحدہ طور پر ان عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر تلگو دیشم پارٹی کے رکن اسمبلی جی سائنا اور بی جے پی کے رکن اسمبلی رام چندر ریڈی نے خطاب کیا ۔ اس سنگ بنیاد تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، ریاستی وزیر سرینواس یادو چیف سکریٹری راجیو شرما، ڈی جی پی انوراگ شرما، کمشنر سٹی پولیس مہندر ریڈی، رکن پارلیمنٹ کے ویشو یشورریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔

CM K Chandrasekhar Rao to make Hyderabad a 'safe and crime-free' city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں