بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج مودی کے لیے شدید سیاسی جھٹکہ - امریکی میڈیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-10

بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج مودی کے لیے شدید سیاسی جھٹکہ - امریکی میڈیا

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ایک امریکی ماہر نے آج کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج گزشتہ ایک سال کے دوران بی جے پی کی کارکردگی کا راست اور منفی جائزہ ہیں جب کہ امریکی میڈیا نے پارٹی کی شرمناک شکست کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے ایک شدید سیاسی جھٹکہ قرار دیا ہے۔ یونیورسٹی آف مشی گن میں مارکٹنگ کی پروفیسر پنیت منچندا نے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی فتح کے برعکس جو سیاسی قائدین سے رائے دہندوں کی ناراضگی کی عکاس ہے ، یہ شکست گزشتہ ایک سال کے دوران بی جے پی کی کارکردگی کا راست اور منفی جائزہ ہے۔ بہار جیسی وسطی ریاست میں شکست یقینا بی جے پی کے لئے ایک دھکا ہے ۔ منچندا نے کہا کہ اس شکست کی وجہ سے معاشی اصلاحات کو ایک ایسے وقت دھکا پہنچ سکتا ہے جب یہ رفتار پکڑ رہی ہیں ۔ منچندا نے کہا کہ اپوزیشن کے لئے یہ کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ مختلف جماعتوں کا اتحاد حکمراں جماعت کے خلاف مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ ہے کیوں کہ فی الحال کوئی واحد جماعت ایسا کرنے کا دم خم نہیں رکھتی ۔ واضح رہے کہ بہار کی243رکنی اسمبلی میں عظیم سیکولر اتحاد نے41.9فیصد ووٹ کے ساتھ178نشستیں حاصل کی ہیں، جب کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے 34.1فیصد ووٹوں کے ساتھ صرف58نشستیں حاصل کرسکیں۔ نتیش کمار کی زیر قیادت احاد کے بارے میں امریکی میڈیا نے کافی اطلاعات شائع کی ہیں ۔ بیشتر خبریں خبر رساں ایجنسیوں کی جانب سے جاری کی گئی تھیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی شہ سرخی میں کہا کہ ہندوستان کی حکمراں جماعت نے اہم ریاستی انتخابات میں اپنی شکست قبول کرلی ہے ۔ اخبار نیو یارک ٹائمز نے کہا کہ اہم ریاست کے اسمبلی انتخابات میں مودی نے پارٹی کی شکست قبول کرلی ۔ اس خبر میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم کو شدید سیاسی جھٹکا لگا ہے اور بی جے پی شمالی ہند بشمول مغربی بنگال جیسی بڑی ریاست میں اپنے سیاسی اثرورسوخ میں اضافہ کرنے ایک اہم مقام سے محروم ہوگئی ہے ۔ اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے کہا کہ حریف جماعت جنتادل یو کے مقابل بی جے پی کی شکست ایک بڑا دھکا ہے ۔ جس سے مودی کا اقتصادی ایجنڈہ متاثر ہوسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی پارٹی نے اہم ریاستی انتخابات میں شکست اٹھائی ہے۔ یہ ایک سیاسی دھکا ہوسکتا ہے ، جو ان کی حکومت کو اقتصادی ایجنڈہ کے ساتھ آگے بڑھنے میں دشواریاں پیدا کرسکتا ہے ۔ مقبول نیشنل پبلک ریڈیو نے کہا فی الھال اس مسئلہ پر بحث جاری ہے کہ اس شرمناک شکست سے مودی انتظامیہ کالب و لہجہ اور رویہ تبدیل ہوگایا کابینہ میں ردوبدل کیاجائے گا۔

Bihar results a 'serious political setback' for Modi: US media

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں