وزیر اعظم بہار میں شکست کی ذمہ داری قبول کریں - شیو سینا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-09

وزیر اعظم بہار میں شکست کی ذمہ داری قبول کریں - شیو سینا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی کی حلیف شیو سینا نے بہار اسمبلی انتخابات میں عظیم اتحاد کی کامیابی کے لئے جنتادل یو لیڈر نتیش کمار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو این ڈی اے کی شکست کی ذمہ داری قبول کرنا چاہئے۔ پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکر ے نے نتیش کو فون کر تے ہوئے انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ شیو سینا کے ایک لیڈر ادھو کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے نتیش کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی کامیابی ہے۔ سینا کے سربراہ نے کہا کہ آپ نے بہت کام کیا اور رائے دہندوں کو قائل کرنے کی اچھی کوشش کی ۔ یہی وجہ ہے کہ بہار کے عوام نے آپ پر بھروسہ کیا اور ایک مرتبہ حکمرانی کا موقع دیا۔ انہوں نے نتیش کمار کے لئے بہار میں اچھی حکمرانی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے بظاہر وزیر اعظم نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک لیڈر کی مقبولیت میں کمی کا اظہار ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے ملک کی سیاست ایک نئی کروٹ لے گی ۔ سنجے راوت نے کہا کہ بی جے پی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بہار انتخابات لڑے ۔ بی جے پی کو اسے قبول کرنا چاہئے ۔ یہ شکست ایک لیڈر کی مقبولیت گھٹ جانے کااظہار کرتی ہے ۔ اگر مہاراشٹرا میں اب انتخابات منعقد ہوئے تو یہاں وہی نتائج برآمد ہوں گے جو بہار میں ہوئے۔ راوت نے کہا کہ جب کانگریس کو شکست ہوئی تو اس کی ذمہ داری سونیا جی پر تھی اسی طرح بی جے پی کو بہار میں ناکامی کے لئے مودی جی کی ذمہ داری کا اعتراف کرنا چاہئے ۔ انہوں نے نتیش کمار کو سیاسی ہیرو بھی قرار دیا ۔ ایک سوال پر راوت نے کہا کہ بی جے پی جس طرح کی زبان استعمال کررہی ہے اسے بدلنا چاہئے ۔ ایک شخص جو اعلیٰ دستوری عہدہ رکھتا ہے اسے انکساری کا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ شیو سینا لیڈر نے کہا کہ نتیش کمار سوپر ہیرو کی حیثیت سے ابھرے ہیں ۔
کولکتہ سے پی ٹی آئی کے بموجب بہار کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی پر عظیم اتحاد اور نتیش کمار کو مبارکباد دیتے ہوئے ترنمول کانگریس نے آج کہا ہے کہ جنتادل یو ، ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی جیسے جماعتوں کے درمیان رشتہ کو اور مضبوط کیا جائے گا اور مزید جماعتیں ان میں شامل ہوں گی۔ ترنمول کانگریس کے قومی ترجمان اور رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی ہار گئی ہے ، ہندوستان جیت گیا ہے ۔ بی جے پی ہار گئی ہندوستان بچ گیا ہے ۔ نتیش، ممتا اروند بعض دوسرے کچھ عرصہ سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اتحاد کے لئے کام کررہے ہیں ۔ اس رشتہ کو اور مضبوط کیاجائے گا اور مزیدجماعتیں اس میں شامل ہوں گی۔

Bihar polls: PM Modi must take responsibility for defeat, says Shiv Sena

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں