عظیم اتحاد کی آج تاریخی جیت ہوگی - لالو پرساد یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-08

عظیم اتحاد کی آج تاریخی جیت ہوگی - لالو پرساد یادو

پٹنہ
ایس این بی
ایگزٹ پول سے ناراض آر جے ڈی صدر لالو پرسادنے بی جے پی پر الیکٹرانک میڈیا کو دھمکا کر اپنے حق میں گمراہ کن نتیجے دکھانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور عظیم اتحاد190سیٹوں پر تاریخی جیت درج کرے گا ۔ لالو پرساد نے ہفتہ کو یہاں میڈیا کانفرنس میں کہا کہ کچھ ایگزٹ پول دیکھ کر وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ بے چین ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور مسٹر شاہ الیکٹرانک میڈیا کے مالکوں پر اپنے اثر کا استعمال کرکے اپنے حق میں انتخابی سروے عوام کو پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس انتخاب میں بی جے پی کی ہار طے ہے ۔ عوام نے مسٹر مودی اور امیت شاہ کو الٹے پاؤں واپس کرنے کے لئے عظیم اتحاد کے حق میں زبردست اکثریت سے ووٹ ڈالا ہے ۔ آر جے ڈی صدر نے کہا کہ ای ٹی وی نیوز۔24چانکیہ کے ایگزٹ پول کو بی جے پی نے متاثر کر کے اپنے حق میں243سیٹوں میں سے155سیٹوں پر سبقت دکھائی ہے ۔ اسی طرح کچھ دوسرے ٹی وی چینلوں نے بھی بی جے پی کے اثر میں آکر غلط اعداد پیش کیا ہے ۔ انہوں نے ایک قومی ہندی روزنامہ کے مالک پر بھی ایف آئی آر درج کرانے کی بات کہی۔ آر جے ڈی صدر نے کہا کہ سبھی پانچ مرحلوں کے انتخاب میں عظیم اتحاد کو اکثریت ملی ہے اور190سیٹوں پر تاریخی جیت درج کرکے نتیش کمار کی قیادت میں حکومت تشکیل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز پر جو لمبی قطاریں دیکھی گئی تھیں ، وہ عظیم اتحاد کے حق میں ہی تھی۔ اس قطار کو دیکھ کر این ڈی اے اتحاد کے لیڈر پہلے ہی گھبرا گئے اور اپنی ہار تسلیم کرلی ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اس انتخاب میں مسٹر مودی اور امیت شاہ کے لیڈر کی حیثیت سے کم اور آر ایس ایس کے تشہیر کار کی حیثیت سے زیادہ دیکھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹنگ کے قبل ہی دونوں لیڈر الیکشن کومہ میں چلے گئے ہیں ۔ آر جے ڈی صدر نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخاب کے نتائج پر دہلی اور ممبئی کے سٹہ بازوں میں کچھ لوگوں نے پیسے لگائے ہیں ، لیکن سٹہ بازوں کو بھی اب یہ پتہ چل گیا ہے کہ بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی اے کے حق میں پیسہ لگانے والے لوگ مایوس ہوگئے ہیں کہ ان کا پیسہ ڈوب جائے گا۔ دوسری جانب بہار اسمبلی کی 243سیٹوں کے لئے5مرحلوں میں ہوئے انتخاب کی کل صبح8بجے سے شروع ہونے والی گنتی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ایڈیشنل چیف الیکشن افسر آر لکشمنن نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ریاست کے38ضلعوں میں39کاؤنٹنگ مرکز پر ووٹوں کی گنتی کل صبح8بجے سے شروع کی جائے گی۔ اس کے لئے تمام طرح کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہٰں ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام کاؤنٹنگ مراکز پر 14کاؤنٹنگ ٹیبل لگائے گئے ہیں ۔ ڈاک بیلٹ کی گنتی پہلے کی جائے گی ، جس کے لئے ایک کاؤنٹنگ ٹیبل الگ سے لگائی گئی ہے ۔ مسٹر لکشمنن نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے مامور آبزرور کاؤنٹنگ مراکز کا اچانک معائنہ کریںگے ۔ یہ آبزرور ووٹوں کی گنتی کے عمل کی جانچ بھی کریں گے ۔ ایڈیشنل چیف الیکشن افسر نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے جاری شناختی کارڈ رکھنے والے لوگوں کو ہی کاؤنٹنگ مراکز میں داخل ہونے دیاجائے گا۔ تمام کاؤنٹنگ مراکز پر میڈیا اہلکاروں کے لئے الگ سے میڈیا سینٹر بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں رپورٹرس کوووٹوں کی گنتی کی تازہ معلومات فراہم کرائی جائے گی۔
گنتی کے دوران ایجنٹ مستعد رہیں: لالو پرساد
پٹنہ سے ایس این بی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساد نے اپنے کاؤنٹنگ ایجنٹوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی کے دوران کسی افواہ پر دھیان نہ دے کر اپنے کام میں موجود رہین ۔ مسٹر یادو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ عظیم اتحاد کے کاؤنٹنگ ایجنٹ ووٹوں کی گنتی کے دوران مستعد رہیں اور کسی بھی طرح کی افواہ پر دھیان نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹنگ کے احاطے میں جانے سے قبل ایجنٹ پانی کم پیئے تاکہ انہیں بار بار باتھ روم نہ جانا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کے نتائج آنے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں اور ورکروں کے لئے غلط الفاظ زبان سے نہ نکالیں اور نہ ہی بدسلوکی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کی جیت ہوگی اور نتائج کے بعد وہ بنارس اور کولکاتا جائیں گے ۔

Bihar polls: 'Grand alliance' will win 190 seats, claims Lalu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں