بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی شکست یقینی - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-30

بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی شکست یقینی - راہول گاندھی

مدھو بنی
یو این آئی ، آئی اے این ایس
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مایوس ہوچکے ہیں اور عظیم اتحاد کے خلاف توہین آمیز تبصرے کررہے ہیں کیونکہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی شکست یقینی ہوچکی ہے ۔ ضلع مدھو بنی کے بینی پٹی علاقہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے توہین آمیز لفظ جیسے ایڈیٹ کا استعمال کرتے ہوئے عظیم اتحاد کو نشانہ تنقید بنایا ہے کیوں کہ یہ اندازہ ہونے پر کہ انتخابات میں شرمناک شکست این ڈی اے کا مقدر بن چکی ہے وہ برہم تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں وزیر اعظم جو الفاظ استعمال کررہے ہیں ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں اور بی جے پی کو شکست کا یقین ہوچکاہے۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ مودی کو چلا رہی ہے اور اسی لئے وہ ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت عوام کی امنگوں کو پورا کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ وزیر اعظم یا بی جے پی کے کسی سینئر قائد بشمول پارٹی صدر امیت شاہ کو اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ وہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے تبصرہ کی تردید کرسکیں جنہوں نے تحفظات کی پالیسی پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی نے عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے گزشتہ سال سوٹ بوٹ کی سرکار تو بنالی ہے لیکن بہار کے عوام ریاست میں ایسی سرکار بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار نے شمولیاتی ترقی کے لئے مختلف اسکیمات شروع کی ہیں اور گزشتہ دس سال تک بر سر اقتدار رہنے کے باوجود انہیں کسی مخالف حکومت لہر کا سامنا نہیں ہے ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ عوام نے این ڈی اے کو ریاست پر حکومت کرنے کا موقع نہ دینے کا ذہن بنالیا ہے اور وزیر اعظم بھی اس نوشتہ دیوار کو واضح طور پر پڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے تانترک اور شیطان جیسے الفاظ کا استعمال انہیں کوئی ووٹ نہیں دلائے گا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کو ریاستی اسمبلی انتخابات میں پیش کرنے کے لئے چیف منسٹری کا کوئی امید وار تک نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کو یہ امید نہیں کرنی چاہئے کہ وہ نوجوانوں کو یوگا سکھاتے ہوئے یا سوچھ بھارت ابھیان چلاتے ہوئے انہیں کوئی ملازمتیں فراہم کرسکے گی۔ پٹنہ سے موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے مطابق راہول گاندھی نے آج کہا کہ بہار کے عوام ریاستی اسمبلی انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت سبق سکھائیں گے کیوں کہ وہ اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ راہول گاندھی نے بینی پٹی میں اتنخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی عوام سے کیے گئے کسی بھی وعدہ کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ملک میں دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی اونچی قیمتوں نے عوام میں برہمی پیدا کردی ہے ۔ اس کے باوجود وہ بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں اور کوئی کام نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنتادل یو ، راشٹریہ جنتادل اور کانگریس پر مشتمل عظیم اتحاد انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرے گا اور بہار میں آئندہ حکومت تشکیل دے گا ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ ہم بہار کی ترقی کے لئے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں فرقہ پرستی اور نفرت کو فروغ دے رہی ہے ۔ بہار کے اسمبلی انتخابات میں شکست کا اندازہ کرتے ہوئے مودی برہم ہیں۔ وہ ایسی زبان استعمال کررہے ہیں جو وزیر اعظم کے عہدہ کے وقار کے منافی ہے۔ انہوں نے عظیم اتحاد کے قائدین کو گالی گلوچ کی ہے ۔ ایک دن انہیں شیطان ، دوسرے دن تانترک اور تیسرے دن ایڈیٹ یعنی بے وقوف قرار دیا ہے ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ مودی کی تقاریر سچائی سے بعید اور جھوٹ پر مبنی ہے ۔ یہ ان کی تربیت اور ہندوستانیوں کو ایک دوسرے سے لرانے ان کے منصوبہ کا ایک حصہ ہے ۔ جب بھی انتخابات ہوتے ہیں وہ سیاسی مفاد کے لئے ہندوؤں اور مسلمانوں کو لڑاتے ہیں ۔ مودی کے پاس بیرونی ممالک کے دورے کرنے کا تو وقت ہے لیکن ملک کے غریب کسانوں اور دلتوں سے بات چیت کرنے کا کوئی وقت نہیں ۔

NDA leaders sense defeat and losing cool: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں