متنازعہ بیانات پر مرکزی وزرا کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی سرزنش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-24

متنازعہ بیانات پر مرکزی وزرا کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی سرزنش

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج مرکزی وزراء جنرل وی کے سنگھ اور کرن رجیجو کی سرزنش کی جن کے متنازعہ بیانات کی وجہ سے میڈیا میں زبردست ہنگامہ ہورہا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ یہ کہہ کر بچنے کی کوشش نہیں کرسکتے کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ وہ کوئی بھی بیانات دیتے ہوئے نہایت احتیاط سے کام لیں۔ فرید آباد میں دلت بچوں کو زندہ جلائے جانے کے واقعہ پر مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے کل دئیے گئے بیان پر آج ان کی کھل کر سرزنش کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی یہ کہہ کر اپنا دامن نہیں بچا سکتا ۔ کہ اس کے بیان کو غلط طریقہ سے پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہمارے بیانات کو غلط معنی پہنانے کا امکان نہ رہے ۔ ہم یہ کہہ کر اپنا دامن نہیں بچا سکتے کہ ہمارے بیان کو غلط ڈھنگ سے تشریح کی گئی ہے۔ ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمیں اپنے بیانات کے بارے میں زیادہ احتیاط سے کام لینا چاہئے ۔ راج ناتھ سنگھ ، بری افواج کے سابق سربراہ وی کے سنگھ اور مرکزی وزیر کرن رجیجو کے بیانات سے پیدا ہوئے تنازعہ کے پس منظر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے ۔ واضح رہے کہ سنگھ نے دلت بچوں کو زندہ جلانے کے واقعہ کے حوالہ سے کہا تھا کہ اگر کوئی شخص کتے کو پتھر مارتا ہے تو اس کے لئے حکومت کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایاجاسکتا ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے وی کے سنگھ کے اس بیان پر شدید ناراضگی ظاہر کی تھی ۔ مودی حکومت کے ایک اور وزیر ،وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو پر ان کے اس بیان کے لئے نکتہ چینی ہورہی ہے کہ شمالی ہندوستان کے لوگوں کو قانون توڑنے میں لطف آتا ہے ۔

Rajnath Singh Advises VK Singh, Rijiju: Be Careful While Making Statements

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں