اکھلیش سے بی جے پی قائدین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ - سی پی آئی ایم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-06

اکھلیش سے بی جے پی قائدین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ - سی پی آئی ایم

نئی دہلی
یوا ین آئی
سی پی آئی ایم نے آج دادری کے موضع بشاڑا میں بی جے پی رکن اسمبلی سنگیت سوم کی نفرت انگیز تقریر کی مذمت کی اور حکومت اتر پردیش کی جانب سے ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پارٹی پولیٹ بیورو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اتر پردیش کو فرقہ وارانہ پروپیگنڈہ میں ملو ث ہونے والے تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔ دادری کے موضع بشاڑا میں کل بی جے پی رکن اسمبلی کی نفرت انگیز تقریر پر تنقید کرتے ہوئے پولیٹ بیورو نے کہا کہ اس موضع میں فرقہ پرست ہجوم نے27ستمبر کو رات اخلاق کا وحشیانہ اور منصوبہ بند قتل کیا۔ سنگیت سوم کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کا استعمال کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کیاجانا چاہئے ۔ قبل ازیں مظفر نگر میں2013میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے مبینہ فرقہ وارانہ تشدد میں ان کے رول کے سلسلہ میں سوم کے خلاف کئی کیس درج کئے گئے ہیں ۔ لکھنو سے موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب ایک وکیل نے آج چیف منسٹر اتر پردیش پر زور دیا کہ وہ بی جے پی قائدین بشمول ایک رکن اسمبلی اور سادھوی کے خلاف سخت کارروائی کریں، جنہوں نے یو پی کے ضلع دادری میں فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز بیانات دئیے ہیں ۔ وکیل شہزاد پونا والا نے اپنی شکایت میں چیف منسٹر اکھلیش یادو پر زور دیا کہ وہ بی جے پی رکن اسمبلی سنگیت سوم ، سادھوی پراچی اور مرکزی وزراء سنجیو بالیان کے خلاف تعزیری کارروائی کا حکم جاری کریں جنہوں نے اشتعال انگیز، نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ طور پر زہریلے بیانات دئیے ہیں ۔ سادھوی پراچی نے دادری میں ایک شخص کو بیف کھانے کی افواہوں پر مار مار کر ہلاک کئے جانے کے واقعہ کے تناظر میں مبینہ طور کہا ہے کہ بیف کھانے والوں کا یہی حشر ہونا چاہئے ۔ جب کہ سنگیت سوم نے جو مظفر نگر فسادات کے ملزم ہیں، کہا ہے کہ قانون سب کے لئے یکساں ہے ورنہ ہم ویسا ہی جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس طرح ماضی میں دیا تھا۔ اس شکایت گزار نے الزام عائد کیا کہ یہ2013کے مظفر نگر فسادات کا حوالہ تھا جس میں63افراد کو ہلاک کیا گیا تھا ، جب کہ زائد از50ہزار افراد بے گھر ہوگئے تھے ۔ ایک ٹی وی چینل نے مرکزی مملکتی وزیر سنجیو بالیان کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر حکومت اتر پردیش ذبیحہ گاؤ کو نہ روکے تو ایسے (دادری واقعہ جیسے) مزید پر تشدد واقعات پیش آسکتے ہیں۔ اتر پردیش کے ڈائرکتر جنرل پولیس جگن موہن یادو اور مرکزی وزارت داخلہ کو بی جے پی قائدین کے خلاف کارروائی کے لئے مکتوب روانہ کیا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں