وزیراعظم کو ملک نہیں بیرون ملک کی زیادہ فکر ہے - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-28

وزیراعظم کو ملک نہیں بیرون ملک کی زیادہ فکر ہے - نتیش کمار

جنتادل یونائٹیڈ کے سینئر لیڈر اور ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک کی فکر کم اور غیر ممالک کی فکر زیادہ ہے ۔ نتیش کمار نے سیوان ضلع کے رگھو ناتھ پور اسمبلی حلقے کے راج پور ہائی اسکول کے میدان میں عظیم اتحادکے امید واروں کے حق میں منعقد انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو ملک کی فکر نہیں ہے۔ مودی زیادہ وقت غیر ممالک میں گزاررہے ہیں اور جو کچھ کام کرنے کا وقت ملا ہے وہ بہار اسمبلی انتخابات میں لگا رہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے عظیم اتحاد کے امید واروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس وزیر اعلیٰ بنانے کے لائق کوئی لیڈر نہیں ہے تو لوگ این ڈی اے کو کیوں ووٹ دیں ۔ اگر وزیر اعلیٰ کے لائق لیڈر نہیں تو ان کی حکومت کیسے بنے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ جب عظیم اتحاد بنا تھا تو بی جے پی کے لوگ کہتے تھے ، یہ اتحاد چلنے والا نہیں ہے ، لیکن یہ چل رہا ہے اور آئندہ بھی چلے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر دہرایا کہ بہار کو بہاری ہی چلائے گا، باہری نہیں ۔ انہوں نے لوگوں کو ہوشیار کرتے ہوئے کہا کہ باہری لیڈر گھوم رہے ہیں، ایسے کنپھوکوا لیڈروں کے جھانسے میں آنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ نتیش کمار نے ملک میں بے تحاشہ بڑھتی مہنگائی کا تذکرہ رکتے ہوئے کہاکہ مرکز کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی ہے ، اور آج غریبوں کی تھالی سے دال غائب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر کنٹرول کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے ، لیکن وہ( نریندر مودی) کہہ رہے ہیں کہ اس کے لئے بہار حکومت ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جب وزیر راعظم بنے تھے تو کہا تھا کہ اچھے دن آئیں گے لیکن لوگوں کو اب بھی اچھے دن کا انتظار ہے ۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے اچھے دن چھوڑ دئیے، وزیر اعظم جی ہمارے پرانے دن ہی لوٹا دیجئے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب کے وقت مسٹر مودی نے کہا تھا کہ غیر ممالک سے کالا دھن واپس لایاجائے گا اور ہر ایک شخص کے اکاؤنٹ میں کم از کم15-15لاکھ روپے جمع ہوجائیں گے لیکن15-15لاکھ کی کون کہے، کم سے کم پندرہ ، پندرہ ہزار روپے بھی دے دیتے تو خوشی ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بہار کے عوام ان کے جھوٹے وعدے اور جھانسے میں نہیں آنے والے ہیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی اب ریزرویشن پر بیان دینے لگے ہیں لیکن اس سے اب کوئی فائدہ ہونے والا نہیں ہے ۔ عوام سب سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے بہار میں تمام شعبے میں ترقی کی ہے اور عوام عظیم اتحاد کو ترقی کے معاملے پر ووٹ دیں گے ۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بہار اسمبلی انتخابات میں تیسرے مرحلہ کی رائے دہی 28اکتوبر کو ہوگی جس کے لئے چھ اضلاع کے پچاس حلقوں میں سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جملہ808امید وار اس مرحلہ میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں ، جن کے لئے14.50بلین رائے دہنے حق رائے استعمال کریں گے ۔ ایڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر آر لکشمنن نے بتایا کہ رائے دہی صبح سات بجے شرو ع ہوگی۔ نکسلائٹس سے متاثرہ حلقوں میں شام چار بجے اور دیگر حلقوں میں شام پانچ بجے تک رائے دہی جاری رہے گی ۔ لکشمنن نے بتایا کہ تمام مراکز رائے دہی پر مرکزی نیم فوجی فورسس کے ارکان تعینات کئے گئے ہیں اور اس کے علاوہ پانچ ہیلی کاپٹرس اور ڈرون کے ذریعہ ضا سے بھی نگرانی رکھی جائے گی۔ ریاستی ڈی جی پی ٹھاکر نے بتایا کہ تمام پچاس اسمبلی حلقوں میں سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اور پولیس کو اشرار سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ نیم فوجی فورسس نے نکسل متاثرہ حلقوں میں فلیگ مارچ کیا تاکہ رائے دہندوں کا اعتماد بحال کیاجائے ۔دریں اثناء سیتا مڑھی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار اسمبلی انتخابات کو ترقی اور تباہی کے درمیان مقابلہ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے عظیم اتحاد کے تباہی کے ایجنڈے کے مقابلہ میں پورے زور و شور سے ترقی کے مقصد کو آگے بڑھارہا ہے ۔ مودی نے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے ترقی کا دور لانے کے لئے انتخاب لڑ رہا ہے ۔ جبکہ عظیم اتحاد کے قائدین ریاست کو کالا جادو اور تنتر منتر کے بشمول18ویں صدی میں لے جانے کی سازش کررہے ہیں ۔ انہوں نے ایک تانترک سے حال ہی میں نتیش کی ملاقات کو عظیم اتحاد میں اعتماد کے فقدان سے تعبیر کیا اور اظہا ر تعجب کیا کہ کیا ایسے تنتر منتر انہیں بچا سکتے ہیں ۔ چیف منسٹر نتیش کمار اور آڑ جے ڈی سربراہ لالو پرساد پر شدید تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ عظیم اتحاد تین ایسی سیاسی جماعتوں کا ناپاک اتحاد ہے جن کے مفادات مختلف ہیں۔ انہوں نے جنتادل یو ، آر جے ڈی، کانگریس کے اتحاد کو 3ایڈیٹس سے تشبیہ دی اور چیف منسٹر کو مشاعرہ کے فن میں مہارت حاصل کرنے اور بہار انتخابات کے بعد فرصت کے اووقات میں اس میں مصروف ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ مودی نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ لالو جی بہت اچھا مزاح کرتے ہیں اور بہار کئی برسوں بعد کچھ تفریح دیکھ رہا ہے ۔ لیکن ان دنوں لالو جی اور نتیش جی کے درمیان مجرموں کو بچانے اقربا پروری اور سچائی سے گریز کے بشمول کئی مسائل پر اختلافات پائے جاتے ہیں اور اب ان کے درمیان تفریح کے موضوع پر بھی مسابقت شروع ہوگئی ہے ۔ کل میں نے دیکھا نتیش جی نے کچھ مشاعرہ کیا۔ انہوں نے محسوس کیا کہ وہ چند نظمیں سناتے ہوئے ایک نئی تفریح کے ذریعہ لالو کر شکست دے سکتے ہیں ۔ میں جانتا ہوں کہ عظیم اتحاد میں تین شرکاء ہیں لیکن تعجب اس بات پر ہے کہ نتیش بابو نے اپنے پہلے مشاعرہ کے لئے فلم 3ایڈیٹس کے گانے کا انتخاب کیوں کیا ۔ اگر آپ پیروڈی کرنا بھی چاہتے تھے تو3ایڈیٹس کے بارے میں ہی کیوں سوچا۔ یاد رہے کہ نتیش کمار نے کل مودی کا ان کے وعدوں اور بیرونی دوروں پر مضحکہ اڑاتے ہوئے ایک نغمہ سنایا، بہتی ہوا تھا وہ، گجرات سے آیا تھا وہ، کالا دھن لانے والا تھا وہ، کہاں گیا اسے ڈھونڈو ، ہم کو دیش کی فکر ستاتی ہے ، وہ بس ودیش کے دورے لگاتے ہیں، ہم کو بڑھتی مہنگائی ستاتی ہے وہ بس من کی بات سناتا ہے ، ہر وقت اپنی سیلفی کھینچتا تھا وہ، داؤد کو لانے والا تھا وہ، کہا ں گیا اسے ڈھونڈو ۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ مخالف بی جے پی اتحاد کو اپنی شکست کا خوف ہے اور ان پر جھوٹ ، دھوکہ دہی اور دغا بازی کا الزام لگایا۔

Bihar CM Nitish Kumar hits back at Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں