حیدرآباد و سکندرآباد میں یوم عاشورہ کا عقیدت و احترام کے ساتھ اہتمام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-26

حیدرآباد و سکندرآباد میں یوم عاشورہ کا عقیدت و احترام کے ساتھ اہتمام

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندر آباد میں یوم عاشورہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ پرانا شہر میں بی بی کے علم کے مرکزی جلوس میں بلا لحاظ مذہب ہزاروں عقیدتمندوں اور اعزاداروں نے شرکت کی ۔ بی بی کا علم ٹھیک ایک بجے الا وہ بی بی سے برآمد ہوا ۔ مجاور علی الدین عارف اور علمدار قمر حسین رضوی رجنی ہاتھی پر علم تھامے ہوئے تھے۔ بی بی کے الاوہ کے روبر رجنی ہاتھی اچانک بہک گیا جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے سنسنی پھیل گئی تاکہ مہاوت نے فوری ہاتھی کو قابو میں کرلیا ۔ اس دوران وہاں موجود ڈی سی پی ساوئتھ زون وی سن نارائنا ہاتھی کی زند میں آنے سے محفوظ رہ گئے ۔ برآمدگی علم سے قبل الا وہ بی بی میں شیدائے شبیر کی جانب سے مجلس پر سہ منعقد ہوئی ۔ بی بی کے علم کا جلوس جس کے آگے سینکڑوں اعزا دار ماتم و سینہ کوبی کررہے تھے ، براہ کمان شیخ فیض، یاقت پورہ، دروزہ، مسجد شکر جنگ کوٹلہ علیجاہ، چار مینار، گلزار حوض سے ہوتا ہوا پنجہ شاہ قدم رسول پہنچا۔ ہاتھی کے توقف کے دوران علم کو قدم رسول لیجایا گیاجہاں مجلس اعزا منعقد ہوئی ۔ بعد ازاں جلوس کا دوبارہ آغاز ہوا ۔ ہاتھی پر حیدر حسین اور محمد کاشف علم تھامے ہوئے تھے۔ جلوس براہ اعتبار چوک ، منڈی میر عالم ، پرانی حوالی ، دارالشفا ، عزا خانہ زہرا، کالی قبر سے ہوتا ہوا شام سات بجے مسجد الہی چادر گھاٹ پہنچا ۔ جہاں علم ٹھنڈے کئے گئے۔ جلوس کے ہمراہ تقریبا32انجمنوں کی جانب سے ماتم اور سینہ کوبی کی گئی جن میں انجمن معصومین ، گروہ شیدائے شبیر، گروہ کاظمی ، انجمن عباس ، انجمن علمدار حسین، انجمن عون و محمداور گروہ شبیر دیگر انجمنیں شامل ہیں ۔ اس موقع پر ڈی سی پی ، ساؤتھ زون جلوس کے ہمراہ موجود تھے ۔ جلوس تاریخی چار مینار پہنچنے پر تاریخی چار مینار پہنچنے پر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ ایم پی اور پولیس عہدیداروں نے علم پر ڈھٹی چڑھائی اور نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ پرانی حویلی پہلی گیٹ پر نواب شہامت جاہ بہار اور دیگ خانوادہ آصف جاہ نے علم پر ڈھٹی چڑھائی ۔ میر علم منڈی کے پاس قائد اپوزیشن محمد علی شبیر ،انجمن کمار یادو سابق ایم پی و دیگر قائدین نے ڈھٹی چڑھائی۔ دارالشفا ٹریفک پولیس اسٹیشن پر کمشنر پولیس ایم مہندر ریڈی ، دفتر قلی قطب شاہ پر کمشنر بلدیہ سومیش کمار نے بی بی کے علم پر ڈھٹی پیش کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، نواب حیدر علی خان، سید لائق علی ،شبیر احمدو دیگر نے کالی قبر کے پاس نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ ڈی سی پی سن نارائنہ جو سیکوریٹی انتظامات کی نگرانی کررہے تھے ان کی قیادت میں پولیس کا وسیع تر بندوبست کیا گیا تھا۔ جلوس گزرنے کے راستوں پر ٹریفک کا رخ متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا تھا۔ بی بی کے علم کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لوگ عمارتوں کی چھتوں پر دیکھے گئے۔ جلوس کے آگے گھوڑ سوار، پولس ٹاسک فورس، ویمس پولیسفورس، سادہ لباس میں پولیس نوجوان متعین کئے گئے تھے ۔ جلوس پر نظر رکھنے کے لئے راستہ پر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کئے گئے تھے ۔ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی علم برآمد ہوئے ۔ یوم عاشورہ کا دوسرا بڑا اجتماع پرانا پل موسیٰ ندی میں دیکھا گیا جہاں بلا لحاظ عقیدتمندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مختلف محلہ کے علم موسی ندی میں تھنڈے کئے گئے ۔ یوم عاشورہ کے موقع پر شہر کی مساجد میں جلسہ ہائے شہادت حسین ؓ منعقد ہوئے جس کو مختلف علمائے کرام نے خطاب کیا ۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے پرانا شہر کے کئی مقامات پر طعام کا اہتمام کیا گیا اور شربت تقسیم کیا گیا۔

Ashura arrangements in Hyderabad and Secunderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں