نیپالی ملازماؤں کے ساتھ سفارتکار کی زیادتی کے دعوے من گھڑت - سعودی سفارتخانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-11

نیپالی ملازماؤں کے ساتھ سفارتکار کی زیادتی کے دعوے من گھڑت - سعودی سفارتخانہ

ریاض
اردو نیوز (سعودی عرب)
ہندوستان میں سعودی سفارتکاروں نے واضح کیا ہے کہ گڑگاؤں میں سعودی سفارتکار کے گھر میں کام کرنے والی نیپالی ملازماؤں کے ساتھ زیادتی کی بابت ہندوستانی اخبارات کے دعوے سراسر غلط ہیں ۔ دروغ بیانی پر مشتمل ہیں۔ ذرائع نے توجہ دلائی کہ سعودی سفارتخانہ اپنے فرسٹ سکریٹری کی رہائش پر ہریانہ پولیس کے گھسنے، سفارتکار کی بیوی اور بیٹی کو زدوکوب کرنے اور ملازماؤں کو گھر سے نکال کر پولیس اسٹیشن لیجانے کے واقعہ پر ہندوستانی متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں ۔ سفارتخانہ نے توجہ دلائی کہ سعودی سفارتکاروں کے ساتھ اس قسم کا معاملہ نا قابل قبول ہے ۔ ہندوستانی پولیس نے اپنے طور پر اعلان کیاتھا کہ اس نے نیپالی سفارتخانہ کے عہدیداروں اور ایک این جی او کی فراہم کردہ معلومات کے بعد کاروائی کرکے ملازماؤں کو سعودی خاندان کی قید سے آزاد کرایا تھا۔ دریں اثناء اکانومک ٹائمز نے اطلاع دی ہے کہ ہندوستانی دفتر خارجہ نے سعودی سفیر سعود محمد السعاتی کو طلب کر کے پولیس کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کے لئے کہا ہے ۔ پولیس نے دفتر خارجہ کو مفصل رپورٹ بھیج دی تھی جس میں نیپالی ملازماؤں کی میڈیکل رپورٹ بھی منسلک ہے۔ ایک اطلاع یہ ہے کہ سعودی سفیر نے ہندوستانی دفتر خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کر کے اپنے فرسٹ سکریٹری پر لگائے جانے والے الزامات پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں