پی ٹی آئی
تحفظات کے لئے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے گجرات میں پٹیل طبقہ کے قائدین نے پٹیل برددری سے ریاست بھر میں بینکوں میں جمع اپنی رقومات نکال لینے کے اپیل کی ہے۔ پٹیل قائدین نے اسے معاشی عدم تعاون تحریک کا نام دیا ہے ۔ گجرات میں پٹیلوں کے لئے او بی سی کوٹہ احتجاج شروع کرنے والے سردار پٹیل گروپ کی جانب سے یہ اپیل ایسے وقت آئی جب کہ امریکہ میں رہنے والے پٹیل طبقہ کے ارکان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ امریکہ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے تاکہ اس مسئلہ پر انہیں سخت پیام مل سکے ۔ سردار پٹیل گروپ کے کنوینر لال جی پٹیل کے مطابق نیو جرسی کے ایڈیسن مقام پر غیر مقیم ہندوستانیوں نے کل ایک اجلاس منعقد کیا جس میں وزیر اعظم کی تقاریب کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سردار پٹیل گروپ کے ترجمان ورون پٹیل نے کہا کہ ہم نے پٹیل طبقہ کے ارکان سے بینکوں سے اپنی رقومات نکال لینے کی اپیل کی ہے کیونکہ موجودہ ریاستی حکومت تحفظات کی فراہمی کے لئے ہمارے مطالبہ پر بہری بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق ہمارے طبقہ کے ارکان کے تقریبا350کروڑ روپے کے ڈپازٹس ہیں ۔ ورون پٹیل نے اس اپیل پر اپنے طبقہ کے رد عمل کا یقین ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بعض پٹیلوں نے بینکوں سے رقومات نکالنے شروع کردئیے ہیں ۔ ایک سوال پر کہ بینکوں سے رقم نکالنے کے بعد اسے کہاں رکھاجائے گا؟ انہوں نے کہا کہ پٹیلوں کے پاس پہلے بھی رقم ہوا کرتی تھی اور وہ اسے بینکوں میں نہیں رکھتے تھے، پٹیل انہیں اپنے قبضہ میں رکھ سکتے ہیں۔ تاہم اس اپیل کی گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر بپن پتیل نے احمقانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی۔
Quota row: Appeal to Patels to withdraw money from banks
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں