مصر میں سیکوریٹی فورسیس کی فائرنگ - 12 سیاح ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-15

مصر میں سیکوریٹی فورسیس کی فائرنگ - 12 سیاح ہلاک

قاہرہ
رائٹر
مصر میں سیکوریٹی فورسیس نے مغربی ریگستان میں دہشت گردوں کے شبہ میں سیاحوں کے ایک قافلہ پر فائرنگ کردی جس سے مصر اور میکسیکو کے12افراد ہلاک اور دیگر دس زخمی ہوگئے۔ مصر کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم دہشت گردوں کا تعاقب کررہی تھی اور انہوں نے اچانک دہشت گردوں کے شبہ میں چار گاڑیوں میں سوار سیاحوں کے ایک قافلہ پر گولیاں چلا دیں جس سے میکسیکو کے دو اور دس مصری ہلاک ہوگئے ۔ وزارت نے بتایا کہ اس بات کی تفتیش کی جائے گی کہ سیاح ممنوعہ علاقہ میں کیسے داخل ہوئے ۔ مصری وزارت سیاحت کے ایک ترجمان نے خبر رساں ایجنسی مینا کو بتایاکہ یہ قافلہ ممنوعہ علاقہ میں داخل ہوگیا تھا اور سیاح بغیر لائسنس والی کار پر سوار تھے ۔ میکسیکو کے صدر ایزک پینانئیٹو نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو اپنے شہریوں کے ساتھ اس طرح کے سلوک کی مذمت کرتا ہے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے ۔ مصر کی پولیس اور فوج نے اعتراف کیا ہے کہ مغربی ریگستان میں دہشت گردوں کے شبہ میں انہوں نے سیاحوں کے قافلہ پر فائرنگ کردی جس میں مصر اور میکسیکو کے بارہ افراد کی موت اور دس دیگر زخمی ہوگئے ۔ مصر کی وزارت سیاحت کے ترجمان نے سرکاری خبر رساں ادارہ مینا کو بتایا کہ قافلہ سیاحتی مقام کے حدود کے باہر چلا گیا تھا اور وہ غیر لائسنس یافتہ کاروں کا استعمال کررہے تھے۔ میکسیکو کے سفیر جارج الواریز نے ہسپتال میں زیر علاج میکسیکو کے پانچ شہریوں سے ملاقات کی جن کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ خیال رہے کہ مصر2013ء میں بھی اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے اسلام پسند صدر محمد مرسی کی فوجی بغاوت میں معزولی کے بعد سے شورش کا مقابلہ کررہا ہے ۔ اس شورش میں تا حال سینکڑوں پولیس اور فوج کے سپاہی ہلاک ہوچکے ہیں ۔ مصر میں عراق اور شام کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول رکھنے والے گروپ داعش سے وفاداری کا اعلان کرنے والے گروپس بھی سر گرم عمل ہیں ۔

Egyptian forces mistake Mexicans for militants, kill 12 in air raid

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں