پی ٹی آئی
سی بی آئی نے آج ایک خصوصی عدالت کو بتایا کہ کوئلہ اسکام کیس کے تمام15ملزمین کو جس میں جھار کھنڈ کے سابق چیف منسٹر مدھو کورا نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بحیثیت ملزم طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ وہ ان کی درخواست کی تائید کرتے ہیں یا مخالفت۔ خصوصی وکیل استغاثہ آر ایس چیما نے عدالت کو بتایا کہ اگر کورا کی درخواست قبول کی جاتی ہے تو15ملزمین اور دیگر تینا فراد بشمول منموہن سنگھ پر مشترکہ مقدمہ چلانا ہوگا ۔ انہوں نے خصوصی سی بی آئی جج بھرت پراشرکو بتایا کہ اگر کورا کی درخواست قبول کی جاتی ہے تو اس کے نتیجہ میں یہاں موجود ملزمین اور جن افراد کو سمن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ان پر مشترکہ مقدمہ چلانا ہوگا۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا تمام ملزمین اس درخواست کی تائید کرتے ہیں یا مخالفت۔ عدالت نے دیگر ملزمین کے وکلاء سے اس کے بارے میں دریافت کیا اور انہوں نے کہا کہ انہوں نے ابھی کورا کی درخواست کا مطالعہ نہیں کیا ہے اور اس بات سے واقف نہیں کہ سابق چیف منسٹر نے کن بنیادوں پر یہ درخواست کی ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے کورا سے کہا کہ وہ اپنی درخواست کی ایک نقل دیگر ملزمین کو فراہم کریں اور اس معاملہ کی مزید سماعت21ستمبر تک ملتوی کردی ۔ یہ کیس امرکنوڈہ مرگادنگل کوئلہ بلاک، دو کمپنیوں جندل گروپ آف کمپنیز کی جندل اسٹیل اینڈ پاور لمٹیڈ(جے ایس پی ایل) اور گنن اسپنج اینڈ آئرن پرائیویٹ لمٹیڈ( جی ایس آئی پی ایل) کو کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ میں بد عنوانیوں سے تعلق رکھتا ہے ۔ سی بی آئی نے قبل ازیں اس کیس میں کورا اور کانگریس لیڈر و صنعتکار نوین جندل اور دیگر13افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ عدالت میں آج کورا کی درخواست کی سماعت ہورہی تھی جس میں منموہن سنگھ کو آنند سروپ کے ساتھ اضافی ملزم کی حیثیت سے طلب کرنے کی گزارش کی گئی تھی ۔ آنند سروپ ا س وقت کے معتمد توانائی تھے ۔ ان کے علاوہ اس وقت کے معتمد کانکنی جئے شنکر تیواری کو بھی سمن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ اس وقت کے وزیر اعظم کو شامل کئے بغیر جو کوئلہ کا قلمدان بھی رکھتے تھے ، سی بی آئی کا سازش کا نظریہ ادھورا رہے گا۔
ایک خصوصی عدالت نے کوئلہ بلاک الاٹمنٹ اسکام کیس میں سابق کوئلہ سکریٹری ایچ سی گپتا اور دیگر چار افراد کو ضمانت دیدی جن میں ایک سینئر سرکاری ملازم بھی شامل ہے ۔ خصوصی سی بی آئی جج بھرت پراشر نے گپتا اور بر سر خدمت سرکاری عہدیدار کے ایس کروفہ کو ضمانت منظور کی جو وزارت کوئلہ میں جوائنٹ ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز تھے ۔ ان کے علاوہ نظامت معدنیات و کانکنی کے سابق ڈائرکٹر وشواس سوا کھانڈے، حکومت مہاراشٹرا اور ایک کمپنی گریس انڈسٹری لمٹیڈ کے ڈائرکٹرس مکیش گپتا اور سیما گپتا کو بھی ضمانت دی گئی ۔ عدالت نے انہیں ایک ایک لاکھ روپے کے شخصی مچلکہ اور مماثل رقم کی ایک ضمانت پر رہائی دی۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران تمام ملزمین عدالت میں حاضر ہوئے جنہیں قبل ازیں سمن جاری کئے گئے تھے ۔ انہوں نے یہ استدلال پیش کرتے ہوئے کہ ضمانت کی درخواست دی کہ وہ تحقیقات میں تعاون کرتے رہیں گے اور ایسا کوئی اندیشہ نہیں ہے کہ وہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں گے یا انصاف سے فرار ہوجائیں گے ۔ یہ کیس مہاراشٹرا کے لوہارا (ایسٹ) کول بلاک کے ناگپور کی کمپنی گریس انڈسٹریز لمٹیڈ کو الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں سے تعلق رکھتا ہے ۔
Coal scam: CBI asks accused' stand on whether to summon Manmohan Singh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں