دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کا وقت - یو اے ای قیادت سے مودی کی بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-18

دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کا وقت - یو اے ای قیادت سے مودی کی بات چیت

ابو ظہبی، دبئی
پی ٹی آئی
ہندوستان اور متحدہ عرب امارات نے آج اپنے تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹیجک شراکت کی سطح پر لے جاتے ہوئے آج دہشت گردی کی سر پرستی کرنے والے ممالک پر برہمی کا اظہار کیا اور بظاہر پاکستان کے حوالہ سے کہا کہ ریاستوں کو دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کا صفایا کرنا چاہئے ۔ دہشت گردی کی تمام اشکال کی مذمت اور مخالفت کرتے ہوئے دونوں ملکوں نے تمام ریاستوں سے کہا کہ وہ دوسرے ممالک کے دہشت گردی کا استعمال کرنا چھوڑدیں اور دہشت گردی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہونچائیں ۔ یو اے ای کے ولیعہد پرنس محمد بن زیاد النہیان اور نریندر مودی کے درمیان جو34سال میں اہم خلیجی ریاست کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں ، بات چیت کے بعد جاری31نکاتی مشترکہ بیان کی سب سے نمایاں خصوصیت سرکاری سرپرستی کے بشمول دہشت گردی کی تمام اشکال کا تذکرہ تھی۔ انسداد دہشت گردی ، انٹلی جنس کے تبادلے اور دوسرے شعبوں میں تعاون میں اضافہ سے اتفاق کرتے ہوئے مودی اور ولیعہد نے کٹر پن سے نمٹنے اور بعض گروپوں اور ممالک کی جانب سے نفرت پھیلانے کے لئے مذہب کے غلط استعمال اور سیاسی مقاصد کے لئے دہشت گردی کی مدافعت کو روکنے کے لئے مربوط کوششیں کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ملکوں نے باہمی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل مثلا تجارت ، دہشت گردی کے مسئلہ اور انتہا پسندی کے بارے میں جامع بات چیت کی اور سیکوریٹی ڈائیلاگ اور این ایس اے سطح کی بات چیت کا فیصلہ کیا۔ مودی نے دبئی کے حکمراں اور یو اے ای کے وزیر اعظم محمد بن راشد المکتوم سے بھی کئی مسائل پر بات چیت کی۔ اس دوران مودی نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن لڑائی پر زور دیتے ہوئے مودی نے ملکوں سے کہا کہ وہ اس بات کا فیصلہ کرلیں کہ کیا وہ دہشت گردی کی سر پرستی کرنا چاہتے ہیں یا اس کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت ہی پڑوسی ملکوں کے ساتھ تمام مسائل حل کرنے کا واحد راستہ ہے ۔ پاکستان کا نام لئے بغیر مودی نے کہا کہ ہندوستان تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے ۔ وزیر اعظم نے جنہوں نے دبئی کے دو روزہ دورے کا اختتام کیا دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریبا پچاس ہزار ہندوستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام پڑوسی ملکوں سے کہتا رہتا ہوں کہ تشد د کی راہ اختیار کرنے والے تمام افراد کو کسی نہ کسی مرحلہ پر بات چیت کی میز پر آنا ہی پڑتا ہے ۔ اسی طرح بات چیت ہی مسائل کی یکسوئی کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اجتماعی لڑائی کا پیغام دیا۔ مودی نے یو اے ای کی قیادت کے ساتھ بات چیت میں داعش کے بشمول دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں بھی بات چیت کی ۔ قبل ازیں انہوں نے ابو ظہبی کے مصدر سٹی میں سرمایہ کاروں سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں سے کہا کہ ہندوستان میں فوری ایک ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ لگانے کی دعوت دی ۔
دریں اثنا بھوپال سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے آج کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کی مسجد جانے سے پہلے ملک کی کسی مسجد کا دورہ کرنا چاہئے تھا۔ بورڈ نے الزام لگایا کہ دستور کے بنیادی اصولوں مثلا سیکولرازم ، انصاف، آزادی ، مساوات اور بھائی چارہ پر مفاہمت کی جارہی ہے اور ہندوستان کو سیکولر ریاست سے ایک مخصوص مذہب پر مبنی ریاست میں بدلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کے کارگزار جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی مسجد جانے سے پہلے بہتر ہوتا کہ اگر مودی ہندوستان کی کسی مسجد کا دورہ رکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں اقتدار میں تبدیلی کے بعد سیکولرازم کی قیمت پر ایک مخصوص مذہب کو فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سیکولر کردار کے تحٖفظ کے لئے ایک دین و دستور بچاؤ تحریک آج شروع کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سچر کمیٹی نے واضح طور پر ثابت کیا ہے کہ ملک میں مسلمان تعلیمی اور معاشی اعتبار سے دوسرے طبقات کے مقابلہ میں پسماندہ ہیں لیکن موجودہ حکومت نے ان کی حالت بہتر بنانے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی۔

Modi in UAE: PM pitches for decisive battle against terror

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں