اننت پور میں ٹرین اور ٹرک میں تصادم - کانگریس رکن اسمبلی سمیت 5 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-25

اننت پور میں ٹرین اور ٹرک میں تصادم - کانگریس رکن اسمبلی سمیت 5 ہلاک

بنگلورو، حیدرآباد
آئی اے این ایس
پیر کے روز آندھرا پردیش میں پی نو کنڈہ کے قریب لیول کراسنگ پر ایک ایکسپریس ٹرین اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں کرناٹک کے کانگریس رکن اسمبلی سمیت5افراد ہلاک ہوگئے ۔ اننت پور ضلع میں ٹرک کے ڈرائیور نے کنٹرول کھوکر بند گیٹ کو توڑتے ہوئے ناندیڑ ایکسپریس کے کوچ کو ٹکر ماردی۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس حادثہ میں20افراد زخمی ہوگئے اور انہیں پینو کنڈہ اور بنگلورو کے دواخانوں میں شریک کرایا گیا ۔ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے(ایس ڈبلیو آر) کے عہدیدار نے بنگلورو میں آئی اے این ایس کو بتایا کہ یہ حادثہ رات2:30بجے پیش آیا جب گرینائٹ سے لدی ایک لاری نے اننت پور ضلع میں رنگے پلی اور پینو کنڈہ اسٹیشنوں کے درمیان ایک لیول کراسنگ پر بنگلورو ناندیڑ ایکسپریس(16594) کو ٹکر دی۔ یہ حادثہ پڑوسی ریاست کے رائلسیما علاقہ میں بنگلورو سے140کلو میٹر دور پیش آیا۔ مہلوکین میں ٹرک ڈرائیور کے علاوہ اے سی فرسٹ کلاس (ایچ1) کوچ کے تین مسافر اور اس کا اٹینڈنٹ بھی شامل ہے ۔ مقامی عہدیداروں کی جانب سے ابتدا میں کہا گیا کہ مہلوکین کی تعداد6ہے لیکن بعد ازاں ریلویز نے پانچ افراد کی ہلاکت کی توثیق کی ۔ اگرچیکہ دیگر تین کوچس بشمول اے سی تھری ٹائر( بی1) اور 2سیکنڈ کلاس سلیپر(ایس 1اور ایس2) بھی تصادم کے اثر سے پٹری سے اتر گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عہدیدار نے کہا کہ کرناٹک کے شمالی علاقہ رائچورضلع کے دیودر گا کے حکمراں کانگریس جماعت کے رکن اسمبلی اے وینکٹیش نائک بھی اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ایچ1پیاسنجر کار میں ایک بڑے گرینائٹ سے شگاف پڑ گیا ۔ تمام مہلوکین اور تقریبا تمام زخمیوں کا تعلق اسی کوچ سے ہے ۔ اننت پور کے ضلع کلکٹر کے ششی دھر نے کہا کہ پھنسے مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچانے20بسوں کا انتظام کی اگیا ۔ آندھرا پردیش کے وزیر صحت کامنینی سرینواس اور ضلع کے ایک اور وزیر پ لے رگھوناتھ ریڈی نے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کا ہر ممکن بہترین علاج کرنے حکام کو ہدایت دی ۔ حادثہ کے سبب بنگلورو۔ گنٹکل روٹ پر نقل و حرکت متاثر ہوگئی ۔ ریلوے عہدیدار مقامی حکام کی مدد سے کوچس کو ہٹا کر ٹریک کلیئر کرنے میں مصروف ہیں ۔ زونل ریلوے کے بنگلوروڈیوژن نے مقام حادثہ پر فوری بچاؤ اور راحت اسٹاف رونہ کیا۔ عہدیدار نے کہا کہ روٹ پر جلد از جلد ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں کیونکہ حادثہ کے بعد اس میں خلل پڑا ہے ۔ پینو کنڈا میں ریلوے عہدیدار نے کہا کہ ڈرائیور کی لا پرواہی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا جو انتہائی تیز رفتاری سے ٹرک چلا رہا تھا اور بالآخر کنٹرول گنوا دیا ۔ حادثہ میں صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے ضلع کلکٹر کو حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا۔ بنگلورو سٹی ریلوے اسٹیشن پر ایک ہیلپ لائن ڈیسک قائم کی اگیا جس کے نمبرات یہ ہیں :080-22354108,080-22156553۔
نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے آج آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع میں ٹرین حادثہ میں مرنے والوں سے اظہار تعزیت کیا۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ بنگلورو ۔ ناندیڑ ایکسپریس سانحہ پر مجھے بے حد صدمہ ہوا اور مہلوکین کے ورثاء سے میں تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقام حادثہ پر عاجلانہ بچاؤ اور راحت کی توقع کرتی ہیں ۔ راہول گاندھی نے بھی مہلوکین کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

5 persons including Congress MLA killed in train mishap in AP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں