ناگا امن معاہدہ - تین کانگریسی چیف منسٹرس کو بےخبر رکھا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-07

ناگا امن معاہدہ - تین کانگریسی چیف منسٹرس کو بےخبر رکھا گیا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ناگا امن معاہدہ پر نریند رمودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاہدہ کے لئے متعلق چیف منسٹرس کو اعتماد میں نہیں لیا۔ سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر گھمنڈ سے چور ہونے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ ناگا امن معاہدہ کرنے سے قبل اس نے شمال مشرق کی دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ سونیا گاندھی نے احاطہ پارلیمنٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اظہار حیرت کا اظہار کیا کہ معاہدے کے بارے میں وزیر اعظم نے کانگریس کی حکومت والی ریاستوں منی پور، آسام اور ارونا چل پردیش کے چیف منسٹرس کو اعتماد میں نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس حکومت کے گھمنڈ کی ایک اور مثال ہے۔ یہ ریاستیں اس معاہدے سے براہ راست متاثر ہیں لیکن پھر بھی معاہدہ کے سلسلے میں ان کے چیف منسٹرس کے ساتھ کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں کانگریس کی صدر نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ معاہدہ تاریخی ہو لیکن کیا ان ریاستوں کے چیف منسٹر کو اعتماد میں نہیں لیاجانا چاہئے تھا؟کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھی معاہدے سے قبل شمال مشرق ریاستوں کے دیگر چیف منسٹرس کو اعتماد میں نہیں لینے پر حکومت کی تنقید کی اور کہا کہ حکومت نے تینوں ریاستوں کے عوام کی توہین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر نے جو کہا ہے وہ غالباً سب سے اہم موضوع ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ تینوں ریاستوں کی آوازیں دبائی جارہی ہیں اور پارلیمنٹ میں بھی ہماری آواز دبائی جارہی ہے ۔ حکومت نے جو کام کیا ہے وہ تینوں ریاستوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی توہین ہے ۔ یہ نہ صرف منی پور ، آسام اور ارونا چل پردیش کی بلکہ جس طرح مرکزی حکومت کام کاج چلارہی ہے اس سے ہر ہندوستانی کی توہین ہوئی ہے ۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ پیر کو شمال مشرقی خطے میں بالخصوص ناگالینڈ میں امن اور تشدد کی سر گرمیوں کو روکنے کے لئے نیشنلسٹ سوشلسٹ کونسل آف ناگا لینڈ( آئی ایم) کے ساتھ ایک امن معاہدہ کیا تھا ۔ یہ معاہدہ تقریبا20برسوں سے جاری امن بات چیت کا نتیجہ ہے ۔ تاہم اس پر وزیر اعظم کی رہائش گاہ 7ریس کورس روڈ پر منعقد تقریب میں دستخط کئے تھے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاہدے کو تاریخی قرار دیا تھا ۔ معاہدہ پر دستخط ہونے کے بعد نریندر مودی نے صدر کانگریس سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے فون پر بات کی تھی۔ بعد ازاں کانگریسی چیف منسٹر آسام کے ترون گوگئی ، ارونا چل پردیش کے نابام تو کوئی نے اس معاہدہ کا خیر مقدم کیا ۔ ناگا امن معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے تعجب کا اظہار کیا کہ کیوں معاہدہ کی شقوں سے ہم کو اندھیرے میں رکھا گیا ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ہم کو ناگا معاہدہ کے حقیقی نوعیت کے بارے میں علم نہیں ہے ، اس لئے ہم اس پر رائے زنی نہیں کرسکتے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے بشمول میرے چند قائدین کو فون کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لء ے ایک خوش کن خبر ہے ،20برسوں سے جاری ناگا مسئلہ کا حل ہوگیا ہے ۔ تب میں نے انہیں مبارکباد دی ۔ اس کے بعد میں نے اپنے ان چیف منسٹر کو اس کی اطلاع دی جو راست طور پر ان معاہدات کے زیر اثر آتے ہیں ۔ اس معاہدہ سے ان چیف منسٹر کو مکمل طور پر اندھیرے میں رکھا گیا تھا۔

Naga peace accord: Reveal details of deal, says Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں