مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ پر ہندوستان زائد توجہ مرکوز کرے گا - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-25

مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ پر ہندوستان زائد توجہ مرکوز کرے گا - سشما سوراج

قاہرہ
پی ٹی آئی
مصر کے اپنے والین دورہ پر وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کی اہمیت ہندوستانی مفادات کے لئے بڑھ رہی ہے اور قریبی تعاون اور مستحکم شراکت داری کے ذریعہ ملک اس خطہ پر زائد توجہ مرکوز کرے گا ۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا انڈیا بزنس فورم(آئی بی ایف) کا قیام عمل میں آچکا ہے جس کا مقصد برانڈ انڈیا اور یہاں موجود تمام ہندوستانی کمپنیوں کے تجارتی مفادات کو فروغ دینا ہے ۔ گزشتہ شب ہندوستانی برادری کے استقبالیہ میں انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ نہ صرف 7ملین ہندوستانیوں کا گھر ہے ، بلکہ ہماری توانائی سیکوریٹی، وسائل اور بے شک ہماری قومی سلامتی کے لئے بھی اہم ہے ۔ ہم اس خطہ پر زائد توجہ مرکوز کرتے رہیں گے اور قریبی تعاون اور مستحکم شراکت داری کے خواہاں رہیں گے ۔ سوراج نے تارکین وطن کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور تجارت میں اضافہ اور ہندوستان کو عالمی مینو فیکچرنگ مرکز بنانے حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ انہون نے کہا کہ ہندوستان میں اقتصادی اور سیاسی محاذ پر ایک منفرد تبدیلی کا عمل جاری ہے اور نریندر مودی حکومت ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے پر عزم ہے ۔ تارکین وطن سے ہندوستان کی ترقی کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بہتر حکمرانی، شفافیت ، مشمولاتی اور مستقل ترقی کے پابند ہیں اور بطور حکومت ہم تیز رفتار اقتصادی ترقی کے دور میں قدم رکھ رہے ہیں ۔ ہمارے ملک میں ایک مثبت اور امید افزا تجارتی ماحول ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے تعلق سے نظریہ اور موڈ تبدیل ہوچکا ہے ، کیوں کہ مودی جی حکومت نے گزشتہ15ماہ کے دوران تیز رفتار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ارادہ اور عزم ظاہر کیا ہے ۔ سوراج نے کہا کہ ہم نے خارجی محاذ پر بھی عظیم کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندوستان کی عظمت کی اب طاقتور گونج ہے اور ہمارے دوستوں کے حلقہ میں اضافہ ہوا ہے ۔ سمندر پار ہندوستانی برادری کو ہندوستانی تبدیلی کا جز لاینفک قرار دیتے ہوئے انہوں نے ان سے ترقیاتی ایجنڈا کو آگے بڑھانے حکومت ِ ہند سے ہاتھ ملانے کی اپیل کی ۔ سوراج نے حکومت کے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا جس میں میک ان انڈیا پروگرام بھی شامل ہے جس کا مقصد دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کی مدد سے مینو فیکچرنگ میں اضافہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے باہر بالخصوص اس خطہ میں مقیم ہمارے شہریوں کی بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ سمندر پار کمیونٹی کی تشویش کو دور کرنے ہم تمام فریقوں سے مسلسل بات چیت کررہے ہیں ۔ انہوں نے دو قیدیوں کو ہندوستان منتقل کرنے کے مصری حکام کے فیصلے کی ستائش کی ۔ دونوں قیدی مصری جیل میں بالترتیب22اور16سال قید کاٹ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب جلد گھر واپس ہوسکیں گے ۔ سشما نے کہا کہ خلیج اور شمالی افریقہ ہندوستان کی توانائی سلامتی کے لئے بے احد اہم ہیں۔ انہوں نے خطہ کے ممالک اور ہندوستان کے درمیان مستحکم تعلقات کو یقینی بنانے میں غیر مقیم ہندوستانیوں کے کردار کی ستائش کی ۔ گزشتہ عام انتخابات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے وزیر اعظم مودی کی قیادت کو بڑا مینڈیٹ دیا ہے اور ان کی حکومت اب عوام کی توقعات کی تکمیل کے لئے بلا تکان کام کررہی ہے ۔ سوراج اپنے دوملکی دورہ کے پہلے مرحلہ پر کل یہاں پہنچیں۔ کل وہ جرمنی کے لئے روانہ ہوجائیں گی۔

India Will Pay Greater Attention to West Asia, North Africa: Sushma Swaraj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں