مشرقی یوکرین میں فوج اور باغیوں کے درمیان تصادم - 10 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-19

مشرقی یوکرین میں فوج اور باغیوں کے درمیان تصادم - 10 ہلاک

کیف
یو این آئی
مشرقی یوکرین میں سرکاری فوج اور روس نواز باغیوں کے درمیان ہوئے تصادم کے نتیجہ میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس سلسلہ میں روس نے کہا کہ حالیہ لڑائی اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ یوکرین دوبارہ حملہ کی تیاری کررہا ہے تاہم کیف حکومت کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ باغیوں کی جانب سے تواتر کے ساتھ حملہ کیاجارہا ہے ۔ ادھر موصولہ خبروں کے مطابق روس کے صدر ولادیمیرپوٹین کریمیا کادورہ کررہے ہیں ۔ اپنے بیان میں پوٹین نے کہا کہ لسانی گروہوں کے لئے خصوصی جگہ کا حصول خطرناک ہوگا۔فروری میں ہوئے جنگ بندی معاہدہ کو حالیہ صورتحال نے مزید کمزور کردیا ہے ۔ روسی صدر نے یہ بھی الزام لگایا کہ یوکرین کی حکومت بیرونی کنٹرول میں ہے جبکہ اہم حکومتی عہدوں پر غیر ملکی افراد موجود ہیں ۔ جارجیا کے سابق صدر میخائل ساکا شویلی اوڈیسا کے گورنر ہیں جب کہ حکومت میں شامل تین اور وزیر بھی غیر ملکی ہیں ۔ یوکرین کے صدر نے روسی ہم منصب کے حالیہ دورہ کو مہذب دنیا کے لئے ایک بڑا چیلنج قرار دیا اور اس اندیشوں کا اظہار کیاہے کہ ان کے دورہ سے خطہ میں مزید عدم توازن پیدا ہوگا ۔
اقوام متحدہ
یو این آئی
گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق مشرقی یوکرین میں اپریل2014میں شروع ہونے والی لڑائی سے اب تک7000افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ زخمی ہونے والوں کی تعداد17ہزار سے زائدبتائی گئی ۔ فروری میں ہوئے جنگ بندی معاہدہ کو حالیہ صورتحال نے مزید کمزور کدیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ تصادم میں ہلاک ہونے والوں میں پانچ شہری اور دو پولیس عہدیدار شامل ہیں ۔ ناٹو، مغربی ممالک اور کیف کی حکومت نے کہا کہ اس بات کے واضح شواہد موجود ہیں کہ روسی دستے علیحدگی پسندوں کو اسلحہ اور ہتھیار فراہم کرتے ہیں تاہم دوسری جانب ماسکو ان دعوؤں کی تردید کرتا ہے ۔ واضح رہے کہ فرانس، جرمنی اور روس کے تعاون سے بیلا روس کے دارالحکومت منسک میں ہوئے معاہدہ کے تحت یوکرین اور روس نے علاقہ سے ہتھیاروں کا انخلا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں