حصول اراضی اعلامیہ سے دستبرداری کے لیے آندھرا حکومت کو پون کلیان کی دھمکی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-24

حصول اراضی اعلامیہ سے دستبرداری کے لیے آندھرا حکومت کو پون کلیان کی دھمکی

حیدرآباد
پی ٹی آئی
جن سینا کے صدر پون کلیان نے آج ریاستی دارالحکومت کی تعمیر کے لئے زبردستی اراضی کے حصول کی صورت میں تلگو دیشم کی زیرقیادت آندھرا پردیش حکومت کے کلاف دھرنا منظم کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ ضلع گنٹور میں موضع پینو مکا میں عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اداکار سے سیاست داں بننے والے پون کلیان نے بعض وزراء کو تنقید کا نشانہ بنایا، جنہوں نے ان کے خلاف تبصرے کئے تھے اور حکومت سے درخواست کی کہ وہ بعض مواضعات میں حصول اراضی کے اعلامیہ کی اجرائی سے دستبرداری اختیار کرے۔ کسانوں کے اجتماع میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت حصول اراضی کے لئے آگے بڑھتی ہے تو میں دھرنا منظم کروں گا ۔ اگر کسان رضا کارانہ طور پر اراضی دیتے ہیں تو مجھے اعتراض نہیں ہے ۔ میں نئے دارالحکومت کی تعمیر کے خلاف نہیں ہوں ۔ میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ذمہ دار بنیں۔ پون کلیان نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ وہ نئے دارالحکومت سے متعلق مسائل کے لئے کمیٹی تشکیل دے جس میں لوک ستہ قائد جئے پرکاش نارائن جیسے اشخاص اور ریٹائرڈ پروفیسرس اور انجینئرس شامل رہیں ۔ حصول اراضی کے خلاف ٹوئٹر پر بعض وزراء کے ریمارکس کا ذکر کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ وزراء کو ان کے خلاف تبصروں کا کوئی حق نہیں ہے ۔ میں ان کا سیاسی حلیف ہوں ۔ میں ان کا غلام نہیں ہوں ۔ وہ جو کچھ فیصلہ کریں، اس سے میں اتفاق نہیں کروں گا ۔ کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اگر ضرورت پڑے تو میں ٹی ڈی پی کے خلاف بھی جدو جہد کرنے سے پس و پیش نہیں کروں گا ۔ آئی اے این ایس کے بموجب پون کلیان نے گزشتہ سال انتخابات میں تلگو دیشم، بی جے پی اتحاد کے لئے مہم چلائی تھی اور حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ کسانوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے دارالحکومت تعمیر نہ کیاجائے ۔ قبل ازیں کسانوں نے پون کلیان سے کہا تھا کہ حصول اراضی غیر قانونی ہے اور حکومت یہ جھوٹ پھیلا رہی ہے کہ کسانوں نے اراضی رضاکارانہ طور پر دی ہے ۔ پون کلیان نے16اگست کو ٹوئٹر پر کہا تھا کہ تلگو دیشم حکومت، دارالحکومت علاقہ میں جہاں کئی قسم کی فصلیں اگائی جاتی ہیں، ناراض کسانوں سے اراضی زبردستی حاصل نہ کرے ۔ کانگریس قائد چرنجیوی کے چھوٹے بھائی پون کلیان نے قبل ازیں کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے غیر معینہ مدت کے لئے بھوک ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی دی تھی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے متواتر کہا ہے کہ کسانوں نے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے لینڈ پولنگ سسٹم کے تحت33ہزار ایکڑ اراضی دی ہے ۔

Pawan Kalyan warns of stir against land acquisition for Andhra Pradesh capital

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں