یعقوب میمن کی سپریم کورٹ میں دوبارہ اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-24

یعقوب میمن کی سپریم کورٹ میں دوبارہ اپیل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ممبئی1993ء سلسلہ وار بم دھماکوں کے مجرم یعقوب میمن نے30جولائی کو مقرر اپنی پھانسی کو روکنے کے لئے آج سپریم کورٹ میں اپیل داخل کی ۔ میمن نے اپنی درخواست میں کہا کہ تمام قانونی راستے ختم نہیں ہوئے ہیں اور وہ مہاراشٹرا کے گورنر سے بھی درخواست رحم کے ساتھ رجوع ہوئے ہیں ۔ یعقوب میمن نے سپریم کورٹ کی جانب سے منگل کو کیوریٹیو درخواست مسترد کیے جانے کے فوری بعد گورنر کو درخواست رحم پیش کی تھی ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی زیر صدارت سہ رکنی بنچ نے21جولائی کو یہ کہتے ہوئے میمن کی درخواست مسترد کردی تھی کہ انہوں نے جن بنیادوں پر یہ درخواست پیش کی ہے وہ کیوریٹیو درخواستوں پر فیصلہ صادر کرنے 2002میں وضع کئے گئے سپریم کورٹ کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتی ۔ میمن نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ وہ1996سے دماغی عارضہ میں مبتلا ہے اور تقریبا20سال سے جیل میں ہے ۔ اس نے یہ کہتے ہوئے سزائے موت میں تخفیف کی گزارش کی تھی کہ کسی بھی مجرم کو ایک ہی جرم کے لئے عمر قید کے ساتھ ساتھ مزید سنگین سزا نہیں دی جاسکتی۔ سپریم کورٹ نے جاریہ سال9اپریل کو یعقوب میمن کی درخواست خارج کردی تھی جس میں سزائے موت کے فیصلہ پر نظر ثانی کی گزارش کی گئی تھی۔ عدالت نے قبل ازیں21مارچ2013کو اس کی سزائے موت برقرار رکھی تھی ۔ میمن کی درخواست نظر ثانی کی سماعت دستور ی بنچ کے فیصلہ کی مطابقت میں کھلی عدالت میں کی گئی تھی ۔ دستوری بنچ نے اپنے فیصلہ میں کہا تھا کہ جن معاملوں میں سزائے موت سنائی گئی ہے ان پر نظر ثانی کی درخواستوں کی چیمبر میں سماعت کا طریقہ ترک کردیا جانا چاہئے ۔ قبل ازیں2جون2014کو سپریم کورٹنے میمن کی پھانسی کی سزا پر حکم التوا جاری کیا تھا اور اس کی درخواست کو دستوری بنچ سے رجوع کیا تھا اور جاننا چاہا تھا کہ آیا سزائے موت کے کیسس میں نظر ثانی کی درخواستوں کی سماعت کھلی عدالت میں کی جائے یا چیمبر میں ۔

Yakub Memon's appeal again to SC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں