سوپور ہلاکتوں کے خلاف وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-18

سوپور ہلاکتوں کے خلاف وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال

سری نگر
یو این آئی
شمالی کشمیر کے ایپل ٹاؤن سوپور میں نامعلوم بندوق برداروںکے ہاتھوں شہریوں کے پے درپے ہاتھوں کے خلاف وادی کشمیر میں بدھ کے روز مکمل ہڑتال کی گئی۔ حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹاور ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے ہڑتال کی مشترکہ اپیل کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ سوپور میں گزشتہ سات روز کے دوران نامعلوم بندوق برداروں نے فائرنگ کے چار الگ الگ واقعات میں چار افراد کو ہلاک کیا جن میں تین سابق جنگجو اور حریت کانفرنس کے سخت گیر دھڑے کا ایک رکن شامل تھا ۔ جب کہ اسے قصبے میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں مواصلاتی شعبے سے جڑے افراد پر پے درپے حملے کئے گئے تھے جن میں دو افراد ہلاک جب کہ تین دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سوپور میں تازہ ہلاکتوں اور گزشتہ مہینے کے اواخر میں مواصلاتی شعبے سے جڑے افراد پر حملوں میں حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم کا حریف گروپ ملوث ہے جب کہ علیحدگی پسند جماعتوں کا الزام ہے کہ شہری ہلاکتوں کے ان واقعات میں خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں ۔ ہڑتال کی وجہ سے ریاست کی گرمائی دارالحکومت سری نگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی ۔ تاہم سیول لائنز میں اکا دکا مسافر اور نجی گاڑیوں چلتی ہوئی نظر آئیں۔ ہڑتال کی وجہ سے سرکاری دفاتر ، بینکوں اورتعلیمی اداروں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہا۔

Sopore killings: Separatists strike hits normal life in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں