پروفیسر ارتضی کریم قومی اردو کونسل این سی پی یو ایل کے نئے ڈائریکٹر مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-05

پروفیسر ارتضی کریم قومی اردو کونسل این سی پی یو ایل کے نئے ڈائریکٹر مقرر

ncpul-director-Prof-Irteza-Karim
قومی کونسل برائے فروغ زبان اردو( این سی پی یو ایل) کے نئے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضی کریم نے آج اپنا عہدہ سنبھال لیا ۔ اس کے علاوہ آج ہی کونسل کے سابق ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کو الوداع بھی کہا گیا ۔ اس سلسلے میں قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغ اردو بھون میں ایک استقبالیہ اور الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب کی صدارت کونسل کے وائس چیئر مین پدم شری مظفر حسین نے کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انتظامیہ کمل سنگھ نے حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے اپنے تجربات بتائے اور کہا کہ سابق ڈائریکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کے ساتھ ہمارا بہت اچھا وقت گزرا ہے اور آج پروفیسر ارتضی کریم نے نئے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا ہے، امید ہے کہ ان کے آنے سے کونسل کا کام مزید بہتر ڈھنگ سے انجام پائے گا۔ کمل سنگھ نے کونسل کی جانب سے پروفیسر ارتضی کریم کا استقبال کیا ۔ کونسل کے وائس چیئرمین پدم شری مظفر حسین نے پروفیسر ارتضی کریم کا استقبال اور سابق ڈائریکٹر پروفیسر محمد خواجہ اکرام الدین کے کام کاج کی تعریف کرتے ہوئے نئے ڈائریکٹر سے ان کے کاموں کو مزید آگے بڑھانے کی درخواست کی ۔ انہوں نے امید جتائی کہ نئے ڈائریکٹر کونسل کو مزید اونچائیوں سے ہمکنار کرائیں گے ۔ انہوں نے سابق ڈائریکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کی عالمی اردوکانفرنس منعقد کرانے کے لئے تعریف کی ، ساتھ ہی ٹیکنالوجی سے اردو زبان کو ہم آہنگ کرنے کے لئے بھی ان کی ستائش کی ۔ وائس چیئرمین نے پروفیسر اکرام الدین کو شال پیش کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کو جب بھی ضرورت ہوگی وہ ان کے تجربات سے مستفید ہونے کی کوشش کرے گی ۔
اس موقع پر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے وائس چیئرمین کی باتوں کو سند کا درجہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کاموں کی جس طرح سے وائس چیئر مین نے پذیرائی کی ہے وہی میرا صلہ ہے، کونسل نے جو بھی مقام حاصل کیا ہے اس میں کونسل کے تمام ملازمین اور اسٹاف شامل رہے ہیں اور اس کی کامیابی کا سہرا تمام اسٹاف کے سر جاتا ہے ۔ انہوں نے نئے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان کے آنے سے کونسل کو نیا عروج عطا ہوگا۔اس موقع پر نو منتخب ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم نے وائس چیئرمین پدم شری مظفر حسین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ6مہینوں سے انہوں نے کونسل کی بہتری کی ہر ممکن کوشش کی ہے ۔ میں اردو کا خادم ہوں اور اردو کے فروغ کی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے چار ریجنل مراکز کی تجویز وزارت کو سونپی جائے گی تاکہ کونسل کے دائرہ کار کو پورے ملک میں وسعت اور رفتار دی جائے ۔ پی ایچ ڈی اور ایم فل کے50ریسرچ اسکالرز کو وظائف دینے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ اردو میں تحقیق کو بڑھاوا دیاجائے ۔ انہوں نے کونسل کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حمید اللہ بھٹ کی بھی کونسل کی کامیابی کے لئے ستائش کی اور کہا کہ آج کونسل جس مقام پر ہے اس کے لئے ڈاکٹر بھٹ کی کوششوں سے انکار نہیں کیاجاسکتا ۔ اس تقریب میں کونسل کے تمام ملازمین کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ تقریب کا اختتام قومی ترانہ پر ہوا۔

Prof Irteza Karim takes charge as the new director of NCPUL

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں