میگی نوڈلز پر دہلی میں 15 دن کے لئے امتناع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-04

میگی نوڈلز پر دہلی میں 15 دن کے لئے امتناع

Delhi-bans-Nestle-Maggi-noodles
نئی دہلی
پی ٹی آئی
میگی نوڈلس پر آج دہلی میں15دن کے لئے امتناع عائد کردیا گیا ۔ موجودہ اسٹاک ہٹا دینے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ بڑی ریٹیل کمپنی فیو چر گروپ نے اپنے بگ بازار آؤٹ لیٹس میں اس کی فروختروک دی ہے ۔ یہ اقدامات غذائی تحفظ کے مسئلہ پر نیسلے انڈیا کے لئے ایک اور دھکا ہیں ۔ دو منٹ میں تیار کی جانے والی نوڈلس کے محفوظ ہونے پر اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں ایسے میں میگا اسٹار امیتابھ بچن نے جن کے خلاف میگی کے اشتہار کے معاملہ میں بہار کی ایک عدالت نے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا ، کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں گے حالانکہ انہیں ابھی تک کوئی نوٹس نہیں ملی ہے ۔ وہ اس پراڈکٹ کی تشہییر 2سال قبل ہی بند کرچکے ہیں۔ ایف آئی آر میں مادھوری دکشت اور پریتی زنٹا کا نام بھی لیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے میگی کا مسئلہ نیشل کنزیومر ڈیسپیوٹسریٹریسل کمیشن سے رجوع کیا تھا تاکہ وہ مناسب کارروائی کرے۔ مزید ریاستوں اڈیشہ، ٹاملناڈو اور مغربی بنگال نے بھی جانچ کے لئے میگی کے نمونے حاصل کرلئے ہیں ۔ تاہم سوئس ملٹی نیشنل کمپنی کے لئے ایک خوشخبری یہ رہی کہ گوا کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ نوڈلس کے نمونوں کی لیاب میں جانچ کی گئی اور ان میں ذائقہ بڑھانے کے لئے ایم ایس جی اور جست کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ میگی نوڈلس پر15دن کے امتناع کے حکومت دہلی کے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ نیسلے انڈیا سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا موجودہ اسٹاک ہٹالے۔ جین نے کہا کہ حکومت ، شہر میں دستیاب نوڈلس کے تمام دیگر برانڈس کے نمونوں کی بھی لیاب میں جانچ کرائے گی ۔ رپورٹ آنے کے بعد طے کیاجائے گا کہ آئندہ کیا کارروائی کی جائے۔ جین نے کہا کہ حکومت نے میگی نوڈلس پر15دن کا امتناع عائد کردیا ہے ۔ نیسلے انڈیا سے کہا گیا ہے کہ وہ میگی کا اسٹاک پندرہ دن کے اندرہٹا لے ۔ ہم نئے اسٹاک کی لیاب میں جانچ کروائیں گے اور اسی مناسبت سے آگے کی کاروائی ہوگی ۔ حکومت دہلی نے یہ فیصلہ نیسلے انڈیا کے عہدیدار وں کی جین سے تقریبا دو گھنٹے کی ملاقات کے بعد کیا جو انہوں نے اس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنے کے لئے کی تھی ۔ حکومت دہلی نے کل کہا تھا کہ اس نے پایا ہے کہ میگی نوڈلس کھانے کے لئے محفوظ نہیں ہیں کیو نکہ میگی مسالہ میں جست کی مقدار حد سے زیادہ پائی گئی ۔ فیوچر گروپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صارفین کے مفاد اور ان میں پائی جانے والی تشویش کے مد نظر گروپ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ فی الحال اپنے تمام اسٹورس سے میگی نوڈلس کو ہٹا دے ۔ ہم آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے سے قبل حکام سے مزید وضاحت چاہیں گے ۔ فیوچر گروپ کے بگ بازار جیسے جدید ریٹیل آؤٹ لٹس ایف ایم سی جی فرمس بشمول نیسلے کی اشیا کی فروخت کا بڑا مرکز ہے ۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب مختلف حلقوں سے میگی نوڈلس کو صحت کے لئے مضر بتائے جانے کے بعد آج مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے یقین دلایا کہ اس ضمن میں وزارت تمام ریاستوں سے موصولہ رپورٹس کی بنیاد پر کسی نتیجہ پر پہنچے گی ۔ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔ نڈا نے بتایا کہ آج یا کل اجلاس طلب کیاجائے گا جہاں اس مسئلہ پر بات ہوگی ۔ تمام ریاستوں کو مطلع کیاجاچکا ہے کہ وہ میگی نوڈلس کے نمونوں کی جانز رپورٹ یکم جون تک روانہ کردیں۔ کئی ایک ریاستوں سے رپورٹس موصول ہونی شروع ہوچکی ہیں ۔ چندر ریاستوں سے ابھی تک رپورٹس نہیں ملی ہیں ۔ تمام رپورٹس کو حاصل کرنے کے بعد ہی مسئلہ کو بہتر انداز میں سمجھا جاسکے گا اور اس کے مطابق کوئی حل نکالاجاسکے گا۔

Delhi bans Maggi noodles for 15 days, Army pulls it out of canteens

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں