نریندر مودی - یہودی ملک اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-01

نریندر مودی - یہودی ملک اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نریند رمودی اسرائیل کا دورہ کریں گے ۔ اس طرح وہ یہودی ملک کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم بنیں گے جس کے ساتھ باہمی دفاعی تعاون میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مودی کے دورہ کے لئے کوئی تواریخ طے نہیں کی گئی ہیں جو باہمی سہولت کی تاریخوں پر ہوگا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ وہ اس سال فلسطین اور اردن کے علاوہ اسرائیل کا دورہ کریں گی۔ ہندوستان نے1992میں اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کئے تھے ، حالانکہ اس نے1950میں اس ملک کو تسلیم کرلیا تھا۔کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم یا صدر نے اب تک اس ملک کا دورہ نہیں کیا ہے ۔ اسرائیل کے اس وقت کے وزیر اعظم ایرل شیرون2003میں ہندوستان کا دورہ کرنے والے اس ملک کے پہلے وزیر اعظم بنے تھے ۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ فلسطین کے تعلق سے ہندوستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ ایل کے اڈوانی نے اسرائیل کا اس وقت دورہ کیا تھا جب وہ اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر داخلہ تھے ۔ جسونت سنگھ اور ایس ایم کرشنا نے وزرائے خارجہ کی حیثیت سے یہودی ملک کا دورہ کیا تھا ۔ حال ہی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا تھا ۔ سشما سوراج نے اسرائیل کو دوست ملک قرار دیا لیکن کہا کہ ہندوستان نے فلسطینی کاز سے کبھی دغہ نہیں کی ہے اور وہ اس کی تائید کرتا رہے گا۔ اس سوال پر کہ کیا وزیر اعظم ایران کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایسے کسی دورہ کو قطعیت نہیں دی گئی ہے لیکن وہ اس سال کے اواخر میں جی20سمیٹ میں شرکت کے لئے ترکی کا دورہ کریں گے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ وہ اس سال ناوابستہ تحریک چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے ایران کا سفر کریں گی ۔ مختلف ملکوں تک پہنچنے کی حکومت کی کوششوں خے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ وزیر اعظم برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے روس کے سفر کے موقع پر ترکمانستان ، قازقستان اور تاجکستان کے بشمول وسطی ایشیا کے 5ملکوں کا دورہ کریں گے ۔ سشما سوراج نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لئے تین شرائط پر زور دیا جن میں دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ حکومت کو اس بارے میں کوئی الجھن نہیں ہے اور وہ پاکستان کے تعلق سے ایک واضح پالیسی رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ سال دہلی آئے تھے، دونوں ملکوں نے بات چیت کے لئے تین اصولوں سے اتفاق کیاتھا۔ یہ اصول شملہ اور لاہور اعلامیہ کا بھی حصہ تھے ۔ اول تو یہ کہ ہم پر امن بات چیت کے ذریعہ ہر مسئلہ حل کرنے کے لئے تیار ہے۔ دوسرے یہ کہ مذاکرات دونوں ملکوں یعنی ہمارے اور پاکستان کے درمیان ہوں گے۔ تیسری شرط یہ ہے کہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ہم آہنگی کا ماحول پیدا کیاجائے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ سر گرم وزیر اعظم کوئی چیلنج نہیں ہوتا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ نریندرمودی نے ان پر کوئی تحدیدات نہیں لگائی ہیں بلکہ انہوں نے خود لو پر وفائیل رہنے کو ترجیح دی ۔

Narendra Modi to be First Indian PM to Visit Israel

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں