بہار میں بی جے پی کے وزارت اعلیٰ امیدوار کے عدم اعلان پر لالو پرساد یادو کا طنز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-18

بہار میں بی جے پی کے وزارت اعلیٰ امیدوار کے عدم اعلان پر لالو پرساد یادو کا طنز

پٹنہ
پی ٹی آئی
راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے آج بی جے پی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی شرم کی بات ہے کہ بی جے پی کے پاس بہار اسمبلی انتخابات کے لئے چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے موزوں ایک قائد بھی موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی شرم کی بات ہے کہ بی جے پی یہ دعویٰ کررہی ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے اوراس کے پاس چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے آج تک ایک قائئد بھی موجود نہیں ہے ۔ لالو پرساد یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کتنی ذلت کی بات ہے ، دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ کرنے والی پارٹی کے پاس بہار میں ایک بھی چہرہ نہیں جس کے نام پر وہ انتخاب لڑ سکے ۔ اس سے قبل لالو پرساد یادو نے بی جے پی پر غیر اخلاقی تبصرہ بھی کیا تھا جس کی کافی مذمت کی گئی تھی ۔ قابل ذکر ہے کہ حکمران جماعت جنتادل یو یونائیٹیڈ( جے ڈی یو) اور راشٹریہ جنتادل کے درمیان اتحاد ہونے کے بعد لالو پرساد یادو اور نتیش کمار کی جانب سے مسلسل بی جے پی کو چیف منسٹر کے امیدوار کا اعلان کرنے کا چیلنج دیاجارہا ہے ۔ ریاست میں اکتوبر ، نومبر میں انتخابات ممکنہ ہیں ۔ بہار اسمبلی انتخابات مین چیف منسٹر کے عہدے کے امید وار کے معاملے پر کل مرکزی کھاد اور کیمیکل وزیر اننت کمار اور سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی براہ راست طور پر جواب دینے سے احتراز کرتے نظر آئے ۔ لالو نے گزشتہ15جون کو ٹوئٹ کے ذریعہ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی، اس کا کوئی خاندان اور نام لیوا نہیں ، اگر ہے تو بہار میں وزیر اعلیٰ کے امید وار کا اعلان کرو۔ قابل ذکر ہے کہ سابق میں جنتا پریوار کی6جماعتوں کے انضمام کی بات کررہی ریاست میں حکمراں پارٹی جے ڈی یو اور اس کی حمایت کررہے آر جے ڈی نے چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت میں اسمبلی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

Matter of shame that BJP does not have Bihar CM candidate: Lalu Prasad Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں