وزیر اعظم نریندر مودی کے تین ملکی دورہ کا اختتام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

وزیر اعظم نریندر مودی کے تین ملکی دورہ کا اختتام

السان(جنوبی کوریا)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کا تین ملکوں کا6روزہ دورہ اختتام کو پہنچا اور وہ وطن روانہ ہوگئے ۔ چین، منگولیا اور جنوبی کوریا میں جہاں انہوں نے باہمی مذاکرات کئے اور ان تین ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ مودی نے بھوسن کے میئر سوبیونگ سو کے ساتھ میٹنگ کے بعد دہلی کے لئے طیارے میں بیٹھنے سے قبل ٹویٹر پر لکھا ’’عوامی جمہوریہ کوریا کا میرا دورہ نہایت اطمینان بخش رہا، میں پرتپاک میزبانی کے لئے کوریائی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ صدر پارگیون ہے اور تجارتی شخصیتوں کے ساتھ ملاقاتیں ثمر آور رہیں۔ جنوبی کوریا سے تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے پہلوؤں پر غوروخوض کیا گیا ہے ۔ میں اس اعتماد کے ساتھ روانہ ہورہا ہوں کہ ہمارے تعلقات میں اور بھی بہتری آئے گی اور ہمارے تعلقات کا ہمارے ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔ مودی جنہوں نے اپنے دورہ کا آغازچین سے کیا تین ملکوں کی قیادت کے ساتھ وسیع مذاکرات کئے اور اپنی میک ان انڈیا مہم کی طرف سرمایہ کاروں کو راغب کیا ۔ اپنے سہ ملکی دورہ کے آکری پڑاؤ جنوبی کوریا میں مودی اور صدر پارکھ نے مذاکرات کئے اور دفاع’’تجارت ، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون میں اضافہ کرنے اور باہمی تعلقات کو ایک معیاری اعلی سطح تک پہنچانے کا عہد کیا ۔ جنوبی کوریا نے انفراسٹرکچر اسمارٹ شہروں کی ترقی، ریلویز ، برقی پیداوار اور مختلف النوع شعبوں کے لئے10بلین امریکی ڈالر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دونوں ممالک نے باہمی تعلق کو ایک خصوصی دفاعی شراکت داری تک توسیع دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزیراعظم نے اپنے تین روزہ دورہ کا چینی صدر زی جن پنگ کے آبائی ٹاؤن زیان سے آغاز کیا تھا ۔ جہاں انہوں نے باہمی اعتماد میں اضافہ اور سرحدی تنازعہ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے اہم مذاکرات کئے ۔ مودی نے اپنے ہم منصب لی کی کیانگ سے بھی مذاکرات کئے اور حقیقی خطہ قبضہ پر الجھن دور کرنے پر زور دیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم منگولیا کے لئے روانہ ہوئے جو کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے ۔ مودی نے اپنے منگولیائی ہم منصب چم شیخن بلیگ کے ساتھ وسیع تر مذاکرات کئے اور دونوں قائدین نے باہمی معاشی شراکت کو ایک نئی سطح پر پہنچانے کا عہد کیا۔س

سیول سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جنوبی کوریا میں فرینڈس آف انڈیا اسوسی ایشن کی ستائش کی اوریہاں فن و ثقافت کے شعبوں میں کام کرنے والے افراد سے مربوط ہونے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے یہاں ایک پروگرام میں اسوسی ایشن کے ارکان سے کہا میں دیکھتا ہوں کہ کوریا کی نوجوان نسل کو ہندوستانی ثقافت ، فنون اور موسیقی سے دلچسپی ہے ۔ ہمیں ایسے طریقے تلاش کرنا چاہئے جس کے ذریعے ہم ہندوستان میں فن و ثقافت کے شعبہ میں کام کرنے والوں سے جڑ سکیں ۔ انہوں نے ملک کے تہذیبی تنوع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شاید آپ بالی ووڈ کے بارے میں جانتے ہیں، لیکن شاید آپ کو ہندوستان کی علاقائی فلموں کے بارے میں معلومات نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈس آف انڈیا کوریا میں سب سے بڑے یوگا جشن کے بارے میں سوچ سکتے ہیں ۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ21جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے میں شرکت کریں ۔ اقوام متحدہ نے ہندوستان کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرار داد کو منظور کرلیا ہے اور21جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے منانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان گزشتہ سال دسمبر میں کیا گیا تھا اور اس سے صرف تین ماہ پہلے مودی نے یہ تجویز پی کی تھی۔ وزیر اعظم نے جمہوریہ کوریا میں فرینڈس آف پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے بہت ہی خاص ملاقات ہے ۔

Prime Minister Modi Heads Home After Concluding Three-Nation Tour

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں