ملک میں پیدا ہونے پر شرمندگی - وزیراعظم مودی کا متنازعہ تبصرہ - سوشیل میڈیا پر لعن طعن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

ملک میں پیدا ہونے پر شرمندگی - وزیراعظم مودی کا متنازعہ تبصرہ - سوشیل میڈیا پر لعن طعن

#ModiInsultsIndia
نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کے بیرونی سر زمین پر کئے گئے ان ریمارکس پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے کہ لوگ پہلے یہ سوچتے تھے کہ ہندوستان میں پیدا ہوتے ہوئے انہوں نے کیا گناہ کردیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس پر شدید رد عمل ظاہر کیا اور سوشیل میڈیا پر بھی سخت احتجاج کیاجارہا ہے ۔ کانگریس نے کہا ہے کہ مودی کے ریمارکس سے اسے کافی تکلیف ہوئی ہے اور یہ شرمناک ہے جب کہ جنتادل یو نے کہا کہ اس سے وزیر اعظم کو قد کم ہوا ہے اور ان کے عہدہ کا وقار گھٹا ہے ۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے طنزیہ انداز میں کہا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ16مئی2014سے پہلے جب یوپی اے حکومت کی جگہ بی جے پی اقتدار پر آئی ایسا کوئی ہندوستانی نہیں تھا جسے اپنے ملک پر فخر تھا ۔ کانگریس نے مودی کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مقامی ہندوستانیوں سے زیادہ این آر آئیز کی فکر ہے ۔ سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے اے آئی سی سی بریفنگ کے دوران کہا کہ ہمیں ان ریمارکس پرکافی تکلیف ہوئی ہے کیونکہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں کسی بھی لیڈر نے کبھی ایسا بیان نہیں دیا ۔ انہوں نے1958کی فلم مدھو متی کے مکیش کے گانے کی پیروڈی کے ذریعہ وزیر اعظم پر تنقید کی اور کہا کہ’’سہانا سفر اور یہ موسم حسیں، جنتا کہہ رہی ہے ہمیں ڈر ہے ہم کھو نہ جائیں کہیں۔‘‘ کپل سبل نے کہا کہ مودی بیرونی سر زمین پر اپنا ڈھول خود پیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ناموزوں شخص وزیر اعظم بن گیا ہے ۔ مودی نے منگولیا کے دورے کے دوران ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت بننے سے پہلے لوگوں کو ملک میں پیدا ہونے پر شرمندگی ہوتی تھی اور اب یہ حال ہے کہ ہندوستانی بیرونی ملکوں سے وطن واپس لوٹنا چاہتے ہیں ۔ سوشیل میڈیا پر بھی مودی کے ایک ریمارکس پر کافی لعن طعن کی جارہی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر نے چین، منگولیا اور جنوبی کوریا کے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم کے ریمارکس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ایسا کوئی ہندوستانی نہیں تھا جو16مئی2014سے قبل اپنے آپ کو ہندوستانی ہونے پر فخر محسوس کرتا تھا۔

#ModiInsultsIndia: Social media, Opposition slam PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں