حرم مکی کی توسیع کا کام مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-04

حرم مکی کی توسیع کا کام مکمل

Haram-Makkah-expansion-completed
حرم مکی میں توسیع کے کام کے چلتے پچھلے تین سال سے عازمین و حجاج کرام کو طواف وغیرہ میں کچھ مشکل کا سامنا تھا ۔ نیز مطاف کے رقبہ میں کمی کی وجہ سے حکومت سعودی عرب نے تمام ممالک کے حج کوٹے میں کمی بھی کی تھی ۔ لیکن اب مطاف کے توسیع کا کام بڑی حد تک مکمل ہوچکا ہے ۔ یہ عازمین حج و زائرین کیلئے ایک خوشخبری ہے ۔ مسجد الحرام و مسجد نبوی شریف امور کی جنرل پریذیڈنسی میں پراجکٹ ڈائرکٹر نے پچھلے ہفتہ بتایا کہ مطاف کی توسیع کا تیسرا مرحلہ مقررہ وقت پر مکمل ہوگا اور آئندہ رمضان المبارک میں اس سے استفادہ کیا جاسکے گا ۔ انھوں نے توجہ دلائی کہ تہہ خانے ، زمینی منزل اور پہلی منزل کا سارا کام مکمل ہوجائے گا ۔ ایک گھنٹے میں ایک لاکھ 5 ہزار افراد طواف کرسکیں گے ۔ حرم شریف کی انتظامیہ نے اطمینان دلایا ہے کہ مسجد الحرام کے شمالی حصے کی توسیع کا منصوبہ 95 فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ یہ 5 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر نافذ کیا گیا تھا ۔ 1431ھ کے ماہ شوال میں اس کا کام شروع کیا گیا تھا ۔

اب یہ آخری مرحلے میں ہے ۔ توسیع منصوبہ جدید ترین اور ترقی یافتہ ترین الیکٹرانک سسٹم سے آراستہ ہے ۔ اس میں مسجد الحرام کے موجودہ فن تعمیر سے ہم آہنگی کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس کے تحت نئی عمارتیں بنائی گئی ہیں ۔ ان کے اطراف کے صحن تیار کئے گئے ہیں اور نمازیوں کی بھیڑ بھاڑ کے مسائل سے بچانے کیلئے پل تعمیر کئے گئے ہیں ۔ کباڑ سے نجات سیکورٹی کنٹرول سسٹم اور خارجی صحنوں پر سائبان وغیرہ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ توسیع کا نقشہ تیار ہوچکا ہے ۔ یہ خانہ کعبہ کے مرکز سے 200 میٹر کے فاصلے پر شمال مغرب میں نافذ ہوگا اس کی بدولت اچھا خاصا رقبہ صحن کے طور پر حرم شریف سے منسلک ہوجائے گا ۔ مکمل ہونے پر 10 لاکھ سے زیادہ افراد نماز ادا کرسکیں گے ۔ نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر قرآن پاک کے نسخوں کی فراہمی ، پینے کے پانی کے نل ، وضو خانوں ، جوتے رکھنے کی جگہ وغیرہ میں بڑھادی گئی ہے ۔ توسیع کے تحت 75 ہزار مربع میٹر کے رقبہ میں کامل سروس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے ۔ نیز 12 ہزار 500 نئے طہارت خانے بنائے گئے ہیں۔

ماہ رمضان اور موسم حج میں بیرونی مملکت سے آنے والے عازمین اورحجاج کے علاوہ داخلی حجاج کی ایک بہت بڑی تعداد مکہ مکرمہ آتی ہے ، اس کے پیش نظر وزارت حج نے امسال داخلی عازمین کیلئے خیمے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ خیمے دو مرحلوں میں مختص کئے جائیں گے ۔ داخلی حجاج کا ادارہ 10 رجب 1436 ھ کو عملدرآمد کرے گا ۔ دوسرا مرحلہ رعایتی پیکیج پروگرام والے خیمے مخصوص کرنے کا ہوگا ۔ اس پر جمعرات 11 رجب 1436ھ کے حج موسم کیلئے سستے حج پیکج پروگرام سے 50416 حاجی فیضیاب ہوں گے ۔ ان کیلئے 71 خیمے مختص کئے جائیں گے ۔ 1435ھ کے دوران 65 خیمے مختص کئے گئے تھے اور سستے حج پیکج سے 47033 افراد فیضیاب ہوئے تھے ۔ وزارت حج 1436 ھ کے حج موسم میں سستے حج پیکج میں مندرجہ ذیل ترمیمیں کی گئی ہیں ۔ D2 , D1 اور H کیلئے مندرجہ ذیل فیس مقرر کی گئی ہے ۔ D1 خیمے کا حج پیکج 3900 ریال ، D2 کا 3500 ریال ، H کا 3000 ریال ، A1 کا 5 ہزار ریال ، A2 4800 ریال ، B کا 44 سو اور G کا 4150 ریال مقرر کیا گیا ہے ۔ مشاعر مقدسہ میں ٹرین سے استفادہ کرنے والوں سے ٹرانسپورٹ فیس علحدہ لی جائے گی ۔ منیٰ اور عرفات رہائش کیلئے اچھے خیمے مختص ہوں گے ۔ کھانے پینے اور قیام کی سہولتیں مہیا ہوں گی ۔ 24 گھنٹے صفائی کا بندوبست ہوگا ۔ حفاظت کیلئے چوکیدار ہوں گے ۔ مکہ مکرمہ لانے لے جانے کیلئے 2006ء ماڈل سے زیادہ پرانی بسیں استعمال نہیں کی جاسکیں گی ۔ ٹرین کا کرایہ 250 ریال ہوگا ۔ حاجی کو مزدلفہ میں پانی اور خشک خوراک پیش کی جائے گی ۔ سکریٹری حج کے مطابق وزیر حج ڈاکٹر بندر حجار ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں جن کی ہدایت پر اپنی نوعیت کی منفرد کامیابی حاصل کی جارہی ہے ۔ حج موسم شروع ہونے سے کافی پہلے داخلی عازمین حج کیلئے خیمے الاٹ کرنا اہم اقدام ہے اس سے داخلی معلمین کی کارکردگی پر اچھا اثر پڑے گا ۔

حرم مکی کی توسیع کا کام مکمل - بشکریہ: روزنامہ 'سیاست' حیدرآباد
***
knwasif[@]yahoo.com
موبائل : 00966509834206
کے۔ این۔ واصف

Haram Makki's expansion completed - Column: K. N. Wasif

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں