برطانوی عام انتخابات - ڈٖیوڈ کیمرون نے نئی کابینہ کا اعلان کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-10

برطانوی عام انتخابات - ڈٖیوڈ کیمرون نے نئی کابینہ کا اعلان کر دیا

لندن
یو این آئی
برطانوی عام انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل کر کے ڈیوڈ کیمرون ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے جارہے ہیں اور انہوں نے ملک کی نئی کابینہ کے چند ناموں کا اعلان بھی کردیا۔ ڈان نیوز کے مطابق نئی کابینہ میں جارج آسبورن کو چانسلر، تھر یسامے کو سکریٹری داخلہ، فلپ ہیموند کو سکریٹری خارجہ اور مائیکل فیلن کو سکریٹری دفاع نامزد کیا گیا ہے ۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے10ڈاؤننگ اسٹریٹ پر پریس کانفرنس میں یوروپی یونین کی رکنیت کے حوالہ سے ریفرنڈم کروانے اور اسکاٹ لینڈ کو اختیارات کی منتقلی کے وعدہ کو پورا کرنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔ کیمرون نے کہا کہ یوروپی یونین میں شمولیت کے حوالہ سے ریفرنڈم ضرور ہوگا ، ہم ملک کو متحد کریں گے اور ایک قوم کی نمائندہ پارٹی بن کر حکومت کریں گے ۔ اسکاٹ لینڈ میں ایس این بی نے59میں سے56نشستیں جیت کرلیبر پارٹی کا صفایا کردیا ہے جس پر لیبر پارٹی کے سربراہ ایڈ ملی بینڈ نے شکست کی ذمہ داری قبول کی ہے اور وہ مستعفی ہوگئے ہیں۔ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ پارٹی کو انگلینڈ ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں وہ سبقت نہیں ملی جس کے وہ خواہشمند تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کو قوم پرستی لہر نے ڈبودیا ہے ۔ برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں ٹرن آؤٹ66فیصد رہا ہے ۔ کنزرویٹیو پارٹی نے 331نشستیں جیت کر تاریخی فتح حاصل کرلی ہے جب کہ ان کی حریف لیبر پارٹی232نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے ۔
برطانیہ کے صدر ڈیوڈ کیمرون کو عام انتخابات میں ملی شاندار جیت کے بعد دنیا بھر سے مبارکبا دیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی فہرست میں امریکہ کے صدر نے آج ان کی پارٹی کی شاندار جیت پر کیمرون کو مبارکبادی دی ہے ۔ کیمرون کو بھیجے گئے پیام میں امریکی صدر نے کہا کہ جس طرح سے ہم نے مل کر عالمی امن و سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے اب تک کام کیا ہے اسی طرح میں آگے بھی دونوں ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کراتا ہوں ۔ فرانس کے صدر فرانسواولاندنے بھی کیمرون کو اس زبردست جیت کے لئے مبارکباد پیش کی ہے ساتھ ہی یوروپی یونین اور بین الاقوامی مسئلوں پر بحث کے لئے پیرس آنے کی دعوت بھی دی ہے ۔ دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کیمرون کو عام انتخابات میں ان کی پارٹی کو حاصل ہونے والی شاندار جیت پر مبارکباد دی ہے ۔ مودی نے ٹویٹ کیا کہ کیمرون کو مبارکباد ۔ آپ نے ٹھیک ہی کہا کہ پھر ایک بار کیمرون سرکار۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی برطانیہ میں عام انتخابات میں کامیابی پر وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور ان کی کنزرویٹیو پارٹی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سونیا گاندھی نے آج ایک پیام میں کیمرون کو ان کے نئے مدت کار کے لئے نیک خواہشات پیش کیں ۔

David Cameron is drawing up his new Cabinet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں