مرکز اور ریاستیں ٹیم انڈیا کی طرح کام کریں - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-11

مرکز اور ریاستیں ٹیم انڈیا کی طرح کام کریں - وزیراعظم مودی

برن پور(مغربی بنگال)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پر زور وکالت کی کہ ملک کو آگے لے جانے کے لئے مرکز اور ریاستیں مل جل کر ٹیم انڈیا کی طرح کام کریں ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ان کی اس رائے کی تائید کی ۔ شعلہ بیاں ترنمول کانگریس سربراہ کو تسلی دینے کے الفاظ میں مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ مغربی بنگال جس کی ترقی سابق میں ملک کی معاشی ترقی کا تعین کرتی تھی، آنے والے دنوں میں یقینا پھر سے ابھرے گی اور ایک اہم معاشی طاقت بنے گی ۔ ہندوستان کو آگے لے جانے کے لئے ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بد قسمتی کی بات ہے کہ ماضی میں ریاستوں اور مرکز کے درمیان کشیدگی رہی ہے ۔ انہوں نے یہاں ممتا بنرجی کی موجودگی میں عصری آئی آئی ایس سی اواسٹیل پلانٹ کے افتتاح کے بعد کہا کہ میں بھی کئی سال چیف منسٹر رہا ہوں ۔اور میں جانتا ہوں کہ ریاستوں کے تئیں مرکز کے اس رویہ سے کسی کی مدد ہونے والی نہیں لی کن بد قسمی سے مرکز۔ ریاست تعلقات ہمیشہ دباؤ میں رہے ہیں ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وزیر اعظم اور چیف منسٹروں کو ملک کو آگے لے جانے کے لئے ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہندوستان پر صرف دہلی کی حکمرانی نہیں ہوسکتا جیسا کہ60سال تک ہوتا رہا ہے ۔ دہلی صرف ایک ستون ہوگی جس پر ملک قائم ہوگا لیکن اس کی مدد 30ستون( ریاستیں) کریں گے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں نیتی آیوگ کی تشکیل کاحوالہ دیا جس میں تمام ریاستوں کو شراکت دار بنایا گیا ہے ۔ بنگلہ دیش کے ساتھ حالیہ باؤندری معاہدہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم انڈیا کی کامیابی کی بہترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ مغربی بنگال، آسام اور تریپورہ نے دہلی کے ساتھ مل کر کام کیا جس سے مجیب الرحمن کے دور سے41سال سے نہ حل ہونے والا پیچیدہ مسئلہ حل ہوگیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیم انڈیا ہو تو ہم بین الاقوامی اور قومی مسائل آسانی سے حل کرسکتے ہیں ۔ مغربی بنگال کے تعلق سے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت مشرقی ہند کو طاقتور بنانے کی کوشش کرے گی اس کے لئے پہلے مغربی بنگال کو مستحکم کرنا ہوگا۔ مودی نے کہا کہ سابق میں ہندوستان کی معاشی ترقی ، بنگال کی ترقی سے طے ہوتی تھی ۔ بنگال کو ملک کے مفاد میں ترقی کی سیڑھی پر چڑھنا ہوگا ۔ آنے والے دنوں میں بنگال پھر سے ترقی کرے گی اور ایک اہم معاشی طاقت بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگال اور کولکتہ مضبوط نہیں بنیں تو ملک کا کوئی بھی حصہ مضبوط نہیں بن سکتا ۔ ہندوستان کو آگے لے جانے کے لئے بنگال کی سر زمین کو ملک کی مدد کرنی ہوگی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی اختلافات رہیں گے لیکن انہیں ملک کی ترقی کی راہ میں آڑ ے نہیں آنا چاہئے ۔

Centre, States to work as 'Team India': Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں