بلند شہر اترپردیش - بیوی کی یاد میں منی تاج محل کی تخلیق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-24

بلند شہر اترپردیش - بیوی کی یاد میں منی تاج محل کی تخلیق

لکھنؤ
ایجنسیاں
محبت کی نشانی تاج محل پوری دنیا کے لوگوں کے لئے ایک مثال ہے۔ شاہجہاں نے اپنی بیگم ممتاز محل کی یاد میں تاج محل بنوایا تھا اور آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ بلند شہر، یوپی کے رہنے والے ایک پوسٹ ماسٹر نے اپنی بیوی کی یاد میں منی تاج محل بنوایا ہے ۔ آئی بی این کی رپورٹ کے مطابق بلند شہر کے ریٹائرڈ پوسٹ ماسٹر فیض الحسن قادری نے اپنی متوفی بیوی تجملی بیگم کی یاد میں ایک منی تاج محل بنوایا ہے ۔ اس تاج محل کی شبیہ ہو بہو آگرہ کے تاج محل جیسی ہی ہے ۔ لیکن یہ دیکھنے میں ایک دم عام دکھائی دیتا ہے ، کیونکہ یہ صرف15لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہوا ہے ۔ فیض الحسن قادری اور تجملی بیگم کے کوئی اولاد نہیں تھی ۔ اس لئے تجملی بیگم نے اپنی شوہر سے کہا کہ ہمیں کوئی ایسی عمارت بنوانی چاہئے جس سے کہ مرنے کے بعد بھی لوگ ہمیں یاد کریں ۔ تب فیض الحسن نے اپنی بیوی سے وعدہ کیا کہ وہ ہو بہو تاج محل جیسی ایک چھوٹی عمارت بنوائیں گے ۔ دسمبر2011میں بیگم تجملی کا انتقال ہوگیا اور فیض الحسن نے فروری2012میں اپنے وعدے کے مطابق اپنے گھر کے خالی پلاٹ پر منی تاج محل کا کام شروع کروا دیا ،اس کے لئے وہ پہلے کاریگروں کو تاج محل گھما کر لائے تاکہ وہ ڈیزائن کو اچھی طرح سمجھ سکیں ۔ فیض الحسن قادری کے پاس کچھ روپے تو بچت اور پروویڈنٹ فنڈ کے تھے ، لیکن باقی رقم کا انتظام انہوں نے زمین اور اپنی بیوی مرحومہ بیوی کے گہنے بیچ کر کیا۔ کل ملا کر 13لاکھ روپے اکٹھے ہوئے جن سے18مہینوں میں ایک ڈھانچہ کھڑا ہوگیا ۔ حالانکہ پھر پیسے ختم ہونے کے بعد کام بند کرنا پڑا ۔ لوگوں نے انہیں مدد کی پیش کش کی مگر انہوں نے یہ کہہ کر ٹھکرادی کہ اس کی مکمل تعمیر میں اپنے پیسوں سے کروائوں گا ۔ اب جیسے جیسے ان کے پاس اپنی پنشن کے روپے اکٹھے ہوتے ہیں ، وہ اس کا کام کرواتے رہتے ہیں ۔ فیض الحسن قادری نے اپنی بیگم کی قبر تاج محل میں بنوادی ہے اور لوگوں کو کہہ رکھا ہے کہ ان کے مرنے کے بعد انہیں بھی اپنی بیگم کے بغل میں دفنایا جائے ۔

Retired Uttar Pradesh postmaster builds replica of Taj Mahal to immortalise love for wife

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں