راہول گاندھی کی طویل عرصہ بعد عملی سیاست میں واپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-17

راہول گاندھی کی طویل عرصہ بعد عملی سیاست میں واپسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی 56روزہ تعطیلات کسی نامعلوم مقام پر گزارنے کے بعد قومی دارالحکومت لوٹ آئے ۔ ان کی طویل غیر حاضری نے سب کو حیرت زدہ کردیا تھا خصوصی طور پر ایسے حالات میں جب کہ انتخابات میں پارٹی پہ در پہ شکست سے دوچار ہورہی تھی ۔ راہول گاندھی نے روانگی کے وقت نہ تو یہ بتایا تھا کہ وہ کہاں اور کیوں جارہے ہیں تاہم آج صبح وہ بنکاک سے بذریعہ تھائی ایرویز11:15بجے پہنچے۔ ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ کی لینڈنگ10:35بجے مقرر تھی تاہم طیارہ چالیس منٹ کی تاخیر سے پہنچا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی صبح11سے قبل راہول کی رہائش گاہ12تغلق روڈ پہنچیں جس کے چند لمحوں بعد ہی پرینکا گاندھی وڈرا کو داخل ہوتے دیکھا گیا ۔ 23فروری کو بجٹ اجلاس کے آغازسے ایک دن قبل پارٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ راہول گاندھی چھٹیوں پر ہیں ۔ پارٹی نے اس وقت یہ وضاحت بھی کی تھی کہ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے پارٹی کے کام کاج کی نگرانی کے علاوہ اہم واقعات پر تبصرہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ اسی دوران ایسی افواہیں بھی سیاسی حلقوں میں گشت کرنے لگی تھیں کہ وہ اس بات سے ناراض ہوکر کہیں چلے گئے ہیں کہ انہیں اندرون پارٹی ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی میسر نہیں ہورہی ہے ۔ پارٹی تاہم ایسی تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے یہ احساس ظاہر کرتی رہی کہ راہول گاندھی کو آرام کی سخت ضرورت تھی اس لئے انہوں نے تعطیل پر جانا مناسب سمجھا ۔ راہول نے تاہم آرام کا فیصلہ ایسے حالات میں کیا تھا کہ اے آئی سی سی کا اجلاس منعقد ہونے والا تھا جس میں انہیںصدر کانگریس مقررکئے جانے کی توقع تھی ۔ ان کی غیر حاضری اور سیاسی زندگی سے عارضی وقفہ کے دوران کے بعض پارٹی قائدین نے سونیا گاندھی سے صدر پارٹی برقرار رہنے کی سر عام درخواست کرتے ہوئے راہول گاندھی کی قیادت پر سوال کھڑا کرنا شروع کردیا تھا ۔ کانگریس قائدین نے یہ اعلان کیا تھا کہ راہول گاندھی 19اپریل کو چھٹی سے لوٹ آئیں گے اور اسی دن رام لیلا میدان میں تحویل اراضی بل پر کسانوں کی ریالی سے خطاب بھی کریں گے ۔ ریالی کا انعقاد پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلہ کے دوران ہونے والا ہے ۔ پارلیمنٹ اجلاس کے پہلے مرحلہ میں وہ حاضر نہیں رہے تھے جس کے دوران تحویل اراضی بل پر کانگریس نے حکومت کو مسلسل ہدف تنقید بنائے رکھا تھا۔ انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی افسوسناک رہی ہے ۔ گزشتہ سال کانگریس کے لئے انتہائی افسوسناک گزرا۔ علاوہ ازیں دہلی کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس چاروں شانے چت گری ۔ ذرائع نے وضاحت کی کہ کسان ریالی سے2دن قبل کاشت کاروں اور نائب صدر کانگریس کے درمیان بات چیت کا پروگرام زیر غور ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں