ہندوستان میں زلزلہ سے تباہی ۔ بہار یو-پی مغربی بنگال متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

ہندوستان میں زلزلہ سے تباہی ۔ بہار یو-پی مغربی بنگال متاثر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایک طاقتور زلزلہ سے جس کا مبدا نیپال میں پایا گیا ، ملک کے مختلف حصوں میں کم از کم51افراد ہلاک اور237زخمی ہوئے اور کئی مکانات اور عمارتیں تباہ ہوگئیں ۔ نیپال کی سرحد پر واقع ہندوستانی ریاستیں بہار ، اتر پردیش، اور مغربی بنگال میں7۔9شدت کے اس زلزلہ سے بری طرح متاثر ہوئیں ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بہار میں38، اتر پردیش میں11اور مغربی بنگال میں 2افراد فوت ہوئے ۔ ترجمان نے زخمیوں کی تعداد237بتائی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جنگی خطوط پر راحت و بچاؤ آپریشنس سے متعلق ہدایات جاری کررہے ہیں۔ مملکتی وزیر داخلہ کرنر یجوجو نے آج رات بتایا کہ تازہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں44افراد کی جانیں گئیںاور یہ تعداد بڑھ بھی سکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات پٹنہ کے ڈائرکٹر بتایا کہ زلزلہ کا پہلا جھٹکہ صبح11:42بجے محسوس کیا گیا ، اس کی شدت7۔9درج کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد12:15دوسرا جھٹکہ محسوس کیا گیا ، اس کی شدت6۔6درج کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد سہ پہ ر5۔0اور3:51بجے4۔2شدت والے زلزکے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد بھی دو مزید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا لیکن اس کی شدت یقینی طور پر پہلے جھٹکوں سے کم تھی ۔ دریں اثناء بہار میں زلزلے کی وجہ سے25افراد ہلاک،70زخمی ہوگئے ہیں ۔ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے بتایا کہ زلزلے میں مارے گئے لوگوں کے افراد خاندان کو فوری طور پر4لاکھ روپیہ ایکس گریشیادینے کی ہدایت دی گئی ہے، ساتھ ہی زخمیوں کے مناسب علاج اور راحت اوربچاؤ کے کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ دریں اثناء مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں آج زلزلہ کے شدید جھٹکے کے بعد ایک خاتون سمیت دو افراد کی موت ہوگئی ہے ، جب کہ80افراد زخمی ہوگئے ہیں جس میں چالیس اسکولی بچے بھی شامل ہیں ۔ کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور سڑکوں کے ٹوٹ جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ جلپائی گوڑی کے ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ نواپارا میں ایک باغ میں کام کررہے پنیاسنگھ رائے کی دیور کے گرنے کی وجہ سے موت ہوگئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق نکسل بار ی علاقہ میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے کی وجہ سے ایک خاتون کی موت ہوگئی ہے ۔ مالدہ ضلع میں اسکول کا زینہ منہدم ہونے سے40اسکولی بچے زخمی ہوگئے ہیں ، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ کچھ بچوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ اسی طرح نائی موجا ہائی اسکول میں بھی زینہ منہدم ہونے کی وجہ سے10طلباء شدید زخمی ہوگئے ہیں جس میں تین لڑکیاں شامل ہیں۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر اس خبر کو سننے کے بعد بے ہوش ہوگئے ، انہیں بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ مالدہ ضلع کے بانکی ٹولہ میں واقعہ ایک نیشنل بینک کی عمارت منہدم ہونے کی وجہ سے25افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ دارجلنگ کے ضلع پونیت یادو نے کہا کہ یہاں متعدد عمارتیں مخدوش ہوگئی ہیں ، ٹیلی فون اور بلی کے پولس بھی گر گئے ہیں جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی نہیں ہے ۔ مغربی بنگال کے سلیگوڑی میں زیادہ تباہی ہونے کی خبر آرہی ہے ۔ کئی عمارتیں مخدوش ہوگئی ہیں ، سلیگوڑی میں شاپنگ مال کوبھی نقصان پہنچا ہے ۔ شمالی بنگال سب ڈویژنل آفیسر دیپاپریہ نے کہا کہ سلیگوڑی میں کئی کثیر منزلہ عمارتوں میں دراڑ یں پڑ گئی ہیں۔ جلپائی گوڑی کے سب ڈویژنل آفیسر سیما ہلدار نے کہا کہ ایک دیوار منہدم ہوگئی ہے اور کئی مکانات میں شگاف پڑ گئے ۔ کولکتہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ اکثر گھروں سے لوگ باہر نکل آئے تھے۔ یہاں تھوڑی دیر بعد تیز بارش بھی ہوئی ہے ۔مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا کہ حالات کا جائزہ لیاجارہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں اس حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کرتی ہوں اور ان کے لئے دعا گو ہوں ۔
اتر پردیش میں بھی زلزلہ کی وجہ سے6افرا دہلاک اور30افراد سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔ ریاست کے غاذی آباد سے بلیاتک تمام علاقوں میں زلزلے کی وجہ سے دہشت کا عالم رہا۔ وارانسی ، لکھنو، الہ آباد، بستی، فیض آباد ، کانپور، بریلی اور گورکھپور زون میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ کی وجہ سے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے تمام اسکولوں اور کالجوں کو آج بند کرنے کی ہدایت جاری کردی اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ نقصان کاجائزہ لینے کے لئے فورا جائے حادثے پر پہونچیں ۔ کانپور ضلع انتظامیہ نے3منزلہ سے زیادہ اونچی عمارتوں کو خالی کرانے کا حکم دیا ہے ۔ جموں و کشمیر، آسام، ارونا چل پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ ، چھتیس گڑھ ، میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ آنے سے عوام میں افرا تفری مچ گئی اور وہ فوراً دفاتر ، دکانوں، مکانات اور تجارتی ادراروں سے نکل کر باہر آگئے ۔ ان علاقوں میں زلزلہ سے کسی جانی و مالی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

Earthquake: Bihar, West Bengal and UP worst hit, 51 killed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں