رشوت لینا اور دینا شیو سینا اور کانگریس کا کلچر - مہاراشٹرا مجلس رکن اسمبلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-18

رشوت لینا اور دینا شیو سینا اور کانگریس کا کلچر - مہاراشٹرا مجلس رکن اسمبلی

ممبئی
پی ٹی آئی
شیو سینا نے آج الزام لگایا ہے کہ کانگریس نے باندرہ ایسٹ کے ضمنی انتخابات کے موقع پر مجلس کو کروڑہا روپے رشوت کی پیشکش کی تھی تاہم مجلس اتحاد المسلمین نے اس الزام کو مسترد کردیا ۔ مجلس نے اودھو ٹھاکرے کی زیر قیادت پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رشوت کا کلچر مجلس کے خون میں نہیں ہے۔ اس نے الزام لگایا کہ رشوت کی پیشکش اور اسے قبول کرنا شیو سینا و کانگریس کے کلچر کا حصہ ہے ۔ باندرہ ایسٹ حلقہ کے ضمنی انتخاب جس کے نتائج کا اعلان چہار شنبہ کو کیا گیا تھا، میں کانگریس کے سرکردہ قائد نارائن رانے کو شیو سینا کی ترپتی ساونت نے شکست دی تھی ۔ ساونت سینا کے رکن اسمبلی بالا ساونت کی اہلیہ ہیں جن کی موت کے سبب اس حلقہ کا ضمنی انتخاب ضروری ہوگیا تھا ۔ شیو سینا کے سینئر قائد و مہاراشٹر کے وزیر ماحولیات رام داس کدم نے یہاں کہا کہ رانے نے انتخابات سے قبل مجلس کو کروڑہا روپے کی رشوت کی پیشکش کی تھی ۔ کدم نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کوئی بھی اب نارائن رانے یا ان کے بیٹوں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے۔ آج انہوں نے اپنی شکست کے لئے ہمیں مورد الزام ٹہرانا شروع کردیا ہے کیونکہ مجلس کے ساتھ ان کی معاملت داری غلط ثابت ہوئی ۔ رانے نے ضمنی انتخاب سے قبل مجلس کو رشوت کی پیشکش کی تھی ۔ مجلس کے رکن اسمبلی کے ساتھ اپنی ملاقات سے متعلق کانگریس کے رکن اسمبلی نتیش رانے کے الزامات پررد عمل ظاہر کرتے ہوئے سینا کے قائد نے کہا کہ اورنگ آباد میں بیشتر دیگر ارکان اسمبلی کے لئے لنچ کے موقع پر مجلس کے رکن اسمبلی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا میں اورنگ آباد کا نگراں وزیر ہوں ، اسی لئے دورہ کرتا ہوں ۔ اس دن جب میں دیگر ارکان اسمبلی کے ساتھ کھانا کھارہا تھا مجلس کے رکن اسمبلی مجھ سے ملنے کے لئے آئے اور میں نے انسانی بنیادوں پر ان سے خواہش کی کہ وہ میرے ساتھ کھانا کھائیں ۔ اس وقت کئی افراد اطراف میں ٹہرے ہوئے تھے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رانے نے ہوٹل میں معاملت پر مہر لگانے کے لئے مجلس کے رکن اسمبلی کے ساتھ ملاقات کی تھی ۔ ان الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مجلس کے اورنگ آباد کے رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے یہ کہتے ہوئے ان پر تنقید کی کہ رشوت کی پیشکش اور قبولیت شیو سینا اور کانگریس کا کلچر ہے، مجلس کا نہیں ۔ امتیاز جلیل نے کہا رشوت دینا اور حاصل کرنا شیو سینا اور کانگریس کا کلچر ہے ۔ یہ مجلس کا خون نہیں ہے ۔ ایسی حرکت کرنے کے بارے میں کوئی بھی کبھی نہیں سوچ سکتا ۔ اگر شیو سینا کو رشوت کے بارے میں پہلے سے معلومات تھی تو پھر وہ اب تک کیوں خاموش رہی؟ وہ قبل ازیں عوام کے سامنے یہ مسئلہ لاسکتے تھے لیکن اب وہ ایسا کررہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پارٹی گھٹیا تشہیر کے لئے ایسے الزامات لگارہی ہے ۔‘‘

Bribe culture of Shiv Sena and Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں