بی جے پی اقتدار کی خاطر قومی مفاد پر سمجھوتہ کر رہی ہے - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-18

بی جے پی اقتدار کی خاطر قومی مفاد پر سمجھوتہ کر رہی ہے - نتیش کمار

پٹنہ
آئی اے این ایس
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں اقتدار پر رہنے کے لئے بی جے پی قومی مفادات پر سمجھوتہ کررہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی ملک میں کسی اور مقام پر بھی اقتدار حاصل کرنے کے لئے کچھ بھی کرنے تیار ہے ۔ علیحدگی پسند لیڈر مسرت عالم کی سر گرمیوں پر جنہوں نے15اپریل کو جمو ں و کشمیر میں بر سر عام پاکستانی پرچم لہرایا تھا ، بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ بی جے پی اقتدار کی لالچی ہے ۔ انہوں نے کہا بی جے پی کا واحد ایجنڈہ یہی ہے کہ ہر صورت میں اقتدار پر رہاجائے چاہے اس کے لئے قومی مفادات پر سمجھوتہ ہی کیوں نہ کرنا پڑے ۔ جمو ں و کشمیر میں اس کا چہرا بے نقاب ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں اقتدار میں شامل ہے اور حکومت چلارہی ہے لیکن وہاں پاکستانی پرچم لہرائے جاتے ہیں ۔ پہلے جو کبھی نہیں ہوا تھا وہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے دور حکومت میں ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کو اس بات پر سخت دھکہ پہنچا ہے کہ ریاست اور مرکز میں بی جے پی کے اقتدار میں ہونے کے باوجود جموں و کشمیر میں ملک دشمن سر گرمیاں انجام دی جارہی ہیں ۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے حکام نے کل علیحدگی پسند قائدین سید علی شاہ گیلانی اور مسرت عالم کو نظر بند کردیا ہے تاکہ آج انہیں ریالی میں حصہ لینے سے روکا جاسکے ۔ علیحدگی پسندوں نے کشمیر کے ٹرال ٹائون میں آج ایک ریالی کی اپیل کی ہے ۔

BJP compromising with national interest for power: Nitish Kumar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں