حیدرآباد و سکندرآباد میں اچانک شدید بارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-31

حیدرآباد و سکندرآباد میں اچانک شدید بارش


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2015-mar-31

منصف نیوز بیورو
شہر حیدرآباد ، و سکندرآباد میں آج غیر موسمی بارش کے باعث عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔ تاہم انہوں نے گرمی سے راحت بھی محسوس کی ۔ صبح تقریباً11:45بجے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں اچانک غیر موسمی بارش شروع ہوگئی ۔ یہ بارش تقریباً45منٹ تک جاری رہی ۔ اسکولی طلبہ جنہیں موسم گرما کے باعث دوپہر ایک بجے ہی مدارس سے چھوڑ دیا جارہا ہے ، انہیں اپنی رہائش گاہوں تک پہنچنے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر حیدرآباد میں ڈرینج نظام خستہ ہونے کے باعث خیریت آباد، راج بھون ، لکڑی کا پل، گاندھی بھون، بنجارہ ہلز، ٹولی چوکی اور دیگر محلہ جات کی سڑکوں پر دو تا چار فٹ پانی جمع ہوگیا تھا ۔ چھوٹے بچے ان سڑکوں پر جمع گندے پانی سے بچتے ہوئے اپنی رہائش گاہوں کو روانہ ہوئے ۔ غیر موسمی بارش شہر کے کئی محلہ جات میں ہوئی جس میں پنجہ گٹہ ، بنجارہ ہلز ، مادھا پور ، امیر پیٹ ، سوما جی گوڑہ، کوٹھی، دلسکھ نگر، ایل بی نگر، اوپل کے علاوہ پرانے شہر کے کئی محلہ جات شامل ہیں۔بارش اتنی شدت سے ہوئی کہ راہگیروں کو اپنی گاڑیاں بالخصوص موٹر سائیکل سڑک پر پارک کرکے قریبی بس اسٹاپس ، دکانات، ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر رک جانا پڑا ۔ اچانک غیر موسمی بارش سے مانصاحب ٹینک، پنجہ گٹہ، امیر پیٹ، سکندر آباد، لکڑی کا پل، ملک پیٹ ، چادر گھاٹ اور دیگر مقامات پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام ہوگئی ۔ ایک طرف غیر موسمی بارش سے عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف انہیں گرمی کی شدت سے راحت بھی ملی۔ شام کے اوقات میں بھی شہرکے کئی مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ سید نگر فرسٹ لانسر سے شیخ عمر نے بتایا کہ آج بارش کے دوران ہوا کے جھوکوں سے درخت ان کے مکان پر گر گیا جس کی وجہ سے چھت کے ٹین شیڈ ٹوٹ گئے اور گھریلو اشیاء کو نقصان پہنچا ۔ گھر کے افراد اور بچے فوری باہر نکل گئے ورنہ وہ بھی شدید زخمی ہوجاتے ۔ اس واقعہ کے بعد جب مکان کی چھت مرمت کرنے کی کوشش کی گئی تو ملٹری اسٹاف اس کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں