مسلمانوں کی حالت کا جائزہ لینے انکوائری کمیشن تشکیل - حکومت تلنگانہ کے احکام جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-05

مسلمانوں کی حالت کا جائزہ لینے انکوائری کمیشن تشکیل - حکومت تلنگانہ کے احکام جاری

حیدرآباد
پی ٹی آئی
حکومت تلنگانہ نے ایک انکوائری کمیشن کی تشکیل عمل میں لائی ہے تاکہ ریاست کے مسلمانوں کی سماجی، تعلیمی، و معاشی حالت پر ایک جامع رپورٹ تیار کی جاسکے ۔ انکوائری کمیشن، مسلمانوں کے ضرورت مند طبقات کو تحفظات کی فراہمی کے لئے سفارش بھی کرے گا ۔ کمیشن سے کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی حالت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مختلف اقدامات کی بھی سفارش کرے ۔ مسلمانوں کے غریب اور ضرورتمند طبقات کو تعلیم اور ملازمتوں میں تحفظات کی فراہمی کی سفارش کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ قواعد کے مطابق کمیٹی کے صدر نشین ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار جی سدھیر ہوں گے ۔ وہ ضروری ڈیٹا اکٹھا کریں گے ، جامع سروے انجام دیں گے تاکہ مسلمانوں کے مختلف طبقات میں آمدنی اور تعلیمی معیار کی جانچ کی جاسکے ۔ اس کے علاوہ سرکاری غیر سرکاری اور خانگی شعبوں میں مسلمانوں کو روزگار کے تناسب کا بھی جائزہ لیں گے ۔ سرکاری احکام میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ انکوائری کمیشن کو اندرون6ماہ اپنی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ کمیشن، مسلمانوں میں شرح خواندگی ، صحت ، سرکاری فلاحی انفراسٹرکچر اور ادارہ جاتی میکانزم کی دستیابی کا بھی جائزہ لے کر اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔ اسی دوران حکومت تلنگانہ نے ریاست کے درج فہرست قبائل کی آبادی میں اضافہ اور ان کی سماجی اور معاشی پسماندگی پر ایک جامع رپورٹ کی تیاری کے لئے ایک اور انکوائری کمیشن کا قیام عمل میں لایا ہے۔ اس کمیشن کو والمیکی بوویا اور کائیتھی لمباڑا جیسی برادریوں کو درج فہرست قبائل کے زمرہ میں شامل کرنے کے لئے مختلف نمائندگیوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس کمیشن کے سربراہ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار ایس چلپا ہوں گے ۔ درج فہرست قبائل کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی حالت، آمدنی ، تعلیمی سطح اور صحت کے معیار پر کمیشن کو اندرون6ماہ رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔

Telangana appoint panels to improve condition of Muslims, Scheduled Tribes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں