سجاد غنی لون قلمدان سے ناراض - جموں و کشمیر کی مخلوط حکومت میں داخلی خلفشار کے آثار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-05

سجاد غنی لون قلمدان سے ناراض - جموں و کشمیر کی مخلوط حکومت میں داخلی خلفشار کے آثار

جموں
یو این آئی
جموں و کشمیر میں مفتی محمد سعید کی قیادت والی مخلوط حکومت میں ایسا لگتا ہے کہ داخلی انتشار پیدا ہونے لگا ہے۔ علیحدگی پسند تحریک سے قومی سیاست میں قدم رکھنے والے پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون نے جنہیں مفتی سعید کی قیادت والی وزارتی کونسل میں بی جے پی کوٹہ کے تحت بحیثیت وزیر شامل کیا گیا ، انہیں تفویض کئے گئے قلمدان پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ چیف منسٹر مفتی سعید نے کل اپنی25رکنی کابینہ میں قلمدان تفویض کئے ۔ سجاد غنی لون کو سائنس و ٹکنالوجی اور افزائش مویشیان محکمے تفویض کئے گئے۔ تاہم سجاد نے انہیں تفویض کئے گئے قلمدانوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے جموں میں وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بجائے وادی کشمیر کا رخ کیا۔ ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ سجاد لون نے پی ڈی پی کے رویے اور قلمدانوں کی تقسیم کے دوران انہیں درکنار کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سجاد نے بی جے پی قیادت کو اپنے اعتراضات سے آگاہ کردیا ہے جو مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش میں لگی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سجاد نے کابینی وزیر کو دی جانے والی سیکوریٹی، سرکاری گاڑی اور دیگر مراعات لینے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی پی میں بھی بعض وزراء اپنے قلمدان سے ناخوش ہیں ۔ واضح رہے کہ مفتی محمد سعید کی قیادت والی کابینہ کا سب سے نمایاں پہلو سجاد غنی لون کی شمولیت تھی جنہیں بی جے پی نے اپنے کوٹہ کے تحت کابینہ میں جگہ دی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور سجاد غنی لون کے روابط بہت اچھے ہیں اور راجیہ سبھا انتخابات میں پیپلز کانفرنس کے دونوں ارکان اسمبلی نے اپنے ووٹ بی جے پی امیدوار کے حق میں ڈالے تھے۔ اتوار کو حلف برداری کے بعد وزیر اعظم مودی مسکراتے ہوئے سجاد غنی لون سے بغلگیر ہوئے تھے۔

Sulking Sajad Lone Refuses to Join Jammu and Kashmir cabinet, Returns Perks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں