8/مارچ حیدرآباد یو این آئی
آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ممتاز خواتین کو اعزاز رنگا رنگ ریالیوں کے اہتمام، سمینارس کا انعقاد کلچرل پروگرام، ہیلت سمینارس کے ساتھ عالمی یوم خواتین منایا گیا۔ مختلف مقامات پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر با اختیار بنانے پر زور دیا۔ حیدرآباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں مرکزی وزیر لیبر برائے روزگار و لیبر بنڈارودتاتریہ نے کہا کہ خواتین کو مردوں کے مقابل تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے کوششیں کی جانی چاہئے ۔ ملک میں لڑکیوں کے تناسب میں کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رجحان کو روکنے قوانین مدون کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ خواتین ہر شعبہ میں داخل ہوں ۔ کے کویتا رکن پارلیمنٹ و دخٹر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ کوکٹ پلی میں منعقدہ یوم خواتین تقریب میں گورنر ایس ایس ایل نرسمہن اور ان کی اہلیہ وملا نرسمہن نے شرکت کی ۔ مس ویملا نے خاتون صنعت کاروں کو ایوارڈس پیش کئے۔ چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ایک خصوصی منعقدہ تقریب میں متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات کی حامل خواتین کو ایوارڈس پیش کئے ۔ نائیڈو نے شال پوشی کرتے ہوئے روایتی طور پر اعزازعطا کیا ۔ جن خواتین کو ایوارڈ دیا گیا ان میں پہلے بیاک سنگر ایل آر ایشوری،اور فلموں کی سابقہ اداکارہ سوسر جانکی شامل ہیں۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بھی رنگا رنگ تقریب عالمی یوم خواتین کے موقع پر تلنگانہ بھون میں منعقد کی تھی۔ پارٹی ہیڈ کوارٹرس ، بنجارہ ہلز پر منعقدہ تقریب میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور دیگر نے شرکت کی ۔ کئی تعلیمی اداروں نے کلچرل پروگرام اور اسپورٹس مقابلوں کا اہتمام کیا۔ شہر کے ایک اسکول کی لڑکیوں نے چینی سیلف ڈیفنس ٹکنک پیش کئے۔خواتین کو اعزاز عطا کرنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین کے تحفظ اور سلامتی فراہم کرنے کے عہد کی پابند ہے ۔ اپنے پیام میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس موقع پر خواتین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی حکومت خواتین کو تمام شعبوں میں ترقی دینے ضروری مدد فراہم کرے گی ۔ تلنگانہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے ٹی آر ایس ہیڈ کوارٹرس اور یوم خواتین تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے لیجسلیچر میں خواتین کے لئے50فیصد تحفظات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہئے کہ اقتصادی شعبہ میں آزادی حاصل کرنے کے لئے تعلیم پر توجہ دیں ۔ صدر بی جے پی ریاستی کمیٹی جی کشن ریڈی نے تلنگانہ کی پہلی کابینہ میں خاتون کو بحیثیت کابینی وزیر شامل نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ جی کشن ریڈی آج بی جے پی مہیلا مورچہ کی جانب سے منعقد کردہ عالمی یوم خواتین پروگرام کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کی تحریک میں خواتین نے اہم رول ادا کیا تھا ۔ انہوں نے اس تحریک میں حصہ لے کرجان کی قربانی دی تھی۔ تلنگانہ ٹی ڈی پی مہیلا کمیٹی کی صدر شوبھا رانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئی قوانین بنانے کے باوجود خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ۔ حکومت اس کی روک تھام کے لئے توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ ٹی ڈی پی قائد ایم نرسمہلو نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کی صرف ایسی کابینہ ہے جس میں ایک دلت اور خاتون کو کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ آندھر اپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ملک کے لئے اپنی جان قربان کردی تھی ۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ خود کو بااختیار بنانے کے لئے آگے آئیں ۔ اس سلسلہ میں آندھرا رتنا بھون وجئے واڑہ میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔International Women's Day celebrated in Telangana and Andhra
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں