ہندوستان کے نئے سیاسی حالات میں مسلمانوں کا رول - ممبئی میں سمینار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-10

ہندوستان کے نئے سیاسی حالات میں مسلمانوں کا رول - ممبئی میں سمینار

ممبئی
ایس این بی
ملک میں فرقہ پرست عناصر کی سر گرمیوں میں اضافہ پر ممبئی کے دانشوروں ، سیاسی، سماجی اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد نے سخت تشویش کا اظہار کیا ، انڈو عرب سوسائٹی کے زیر اہتمام ملک کے موجودہ سیاسی حالات اور مسلمانوں کا رول، پر منعقد کیے جانے والے ایک سمینار میں یہ افراد اپنے خیالات پیش کررہے تھے ۔اس موقع پر سماجی کارکن اور کالم نویس رام پنیانی نے واضح طور پرکہا کہ مرکز میں مودی کی قیادت میں تشکیل دی جانے والی بی جے پی حکومت کے بعد سے فرقہ پرست طاقتیں سرگرم ہوگئی ہیں اور ان کا نشانہ مسلمان اورعیسائی ہیں ۔ انہوں نے حال ہی میں ملک بھر میں گھر واپسی کے نعرے کے تحت زبردستی مذہب تبدیل کرانے کی کوشش کو آئین و دستور کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ کو اس پر سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔۔انہوں نے اقلیتوں اور خصوصاً مسلمانوں کو صبروتحمل کے ساتھ اپنے حقوق کی لڑائی قانون کے تحت لڑنے کا مشورہ دیا ،کیونکہ اقلیتی فرقے کے خلاف جو ماحول بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، وہ انتہائی تشویش ناک ہے ۔ اس سے قبل مولانا ظہیر عباس رضوی نے اس بات کا اظہار کیا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہندو مسلم کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، لیکن ملک کی اکثریت سیکولر ہے اور ان کی وجہ سے سیکولرزم کا پرچم بلند ہے ۔مولانا ظہیر عباس رضوی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اچھے برے کی پہچان کریں اور مستقبل کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کریں۔سابق ایم ایل اے اور این سی پی لیڈر سہیل لوکھنڈ والا نے فرقہ پرستوں کو نشانہ بناتے ہوئے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں مسلم ارکان کی تعداد میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے اور نمائندگی نہ ہونے پر ان کے مسائل اٹھانے میں دشواری پیش آتی ہے ۔
انہوں نے مطلب پرست سیاسی رہنماؤں کو سخت سست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کا سودا کرنا بند کردیں۔اس سے قبل انڈو عرب سوسائٹی کے سکریٹری نصیر پٹھان نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا، جن میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر مقررین کا تعارف پیش کرنے کے لئے کسی ایک ممبر کو مدعو کیاجاتا تھا ۔ انڈوعرب سوسائٹی کے چیئرمین زین الدین بندوق والا، اسلام جمخانہ کے چیئر مین ذکاء اللہ صدیقی ،دہلی دربار کے جعفر منصوری، ایڈوکیٹ یوسف مچھالا ، ایڈوکیٹ قاضی مہتاب حسینی ،ایڈوکیٹ فرحانہ شاہ ،نبی آخر قریشی ،اور انڈو عرب سوسائٹی کے ممبران موجود تھے ۔

new political role of Muslims in India - Mumbai seminar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں