داعش اسرائیلی مفادات کے لئے کام کر رہا ہے - حزب اللہ سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-18

داعش اسرائیلی مفادات کے لئے کام کر رہا ہے - حزب اللہ سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ

بیروت
یو این آئی
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ تکفیری نظریات اور اس میں سر فہرست داعش مکمل طور پر صہیونی حکومت کے مفاد کے لئے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے شہید کمانڈروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ پروگرام سے خطاب میں کہا کہ داعش سے صرف صہیونی حکومت کو خطرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شہیدوں کی یاد ہمیشہ زندہ رکھنی چاہئے اور ہر دن اور ہر گھنٹے ان سے وفاداری کا سبق سیکھنا چاہئے ۔سید حسن نصر اللہ نے داعش کے خود ساختہ خلیفہ کی جانب سے مکہ اورمدینہ کے لئے اپنے امیر کی تقرری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش کا اصل ہدف، مکہ اور مدینہ ہے نہ کہ بیت المقدس ۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ سعودی عرب کے حکام کو اس بارے میں غوروفکر کرنا چاہئے ، ابھی داعش نے مکہ اور مدینہ کے لئے اپنا امیر معین کیا ہے ، یہ علاقہ کی تمام حکومتوں اور قوموں کے لئے شدید خطرہ ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لئے متحد ہونا بہت ضروری ہے ۔ حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ آج صہیونی حکومت کے علاوہ پوری دنیا دعاش کے خطرے کو محسوس کررہی ہے کیونکہ داعش جو بھی عمل انجام دیتا ہے وہ سب اسرائیل کے مفاد میں ہوتا ہے ۔ سید حسن نصر اللہ نے لیبیا میں داعش کے ہاتھوں مصر کے قبطی عیسائیوں کے سر قلم کئے جانے کے المیے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر انسانی قدم کسی بھی مذہب و منطق میں قابل قبول نہیں ہیں، ہم اس مصیبت پر تمام افراد کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے شہدائے حزب اللہ کی قربانیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہماری استقامت و کامیابی کے مظہر ہیں ۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ دہشت گردی سے جدو جہد میں قومی حکمت عملی کا تقاضہ ہے کہ فوج ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شریک ہوں اور اس مسئلے کے بارے میں گفتگو بھی ہونی چاہئے ۔ نصر اللہ نے کہا ہے کہ ان کے جنگجو عراق میں فوج کے ساتھ مل کر داعش کے خلاف جاری جنگ میں شریک ہیں ۔ ان کا یہ کہنا تھاکہ اس سے قبل عراق میں حزب اللہ کے کارکنوں کے حوالے سے کبھی کچھ نہیں بتایا گیا لیکن عراق میں محدود تعداد میں ان کے جنگجو موجود ہیں ۔ شیخ حسن نصر اللہ کے مطابق اس وقت عراق انتہائی مشکل حالات کا سامنا کررہا ہے ۔

Nasrallah: ISIS acts serve Israel, US hegemony

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں