مشرق وسطیٰ میں برفانی طوفان کے بعد سردی کی شدید لہر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-21

مشرق وسطیٰ میں برفانی طوفان کے بعد سردی کی شدید لہر

دبئی
اے ایف پی
مشرق وسطیٰ بھر میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں اور اضافہ ہوگیا ہے ۔ جب کہ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں برف باری کا28سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔ لبنان میں نئے برفانی طوفان کے بعد پہاڑی علاقوں میں تعلیمی ادارے دوروز کے لئے بند کردیے گئے ہیں ۔ استنبول کی میٹرو پولیٹن میونسپلٹی نے جمعرات کو اطلاع دی تھی کہ شہر میں برف باری کا 28سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور شہر کے مغربی حصے میں75سینٹی میٹر تک برف باری ہوئی ہے ۔ بلدیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری ٹیموں نے سڑکوں کو کھلا رکھنے کے لئے18,543 ٹن نمک اور926ٹن کیمیائی مواد استعمال کیاہے۔ بلدیہ کی جانب سے سڑکوں سے برف کے تودوں کو ہٹانے اور پگھلانے کے لئے ان کوششوں کے باوجود استنبول کے بہت سے علاقوں میں کاروبارِ زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے اور بہت سے شہریوں نے سوشل میڈیا پر یہ شکایت کی ہے کہ1987ء میں برف باری سے استنبول اتنا متاثر نہیں ہوا تھا حالانکہ اس برفانی طوفان کا دورانیہ زیادہ رہا تھا ۔ ادھر لبنان کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد وزیر تعلیم نے سطح سمندر سے ایک ہزار میٹر کی بلندی پر واقع دیہات میں قائم اسکول کو دور روز (جمعہ اور ہفتہ) کے لئے بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ دارالحکومت بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قائم محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ سطح سمندر سے900میٹر بلندی پر واقع علاقوں میں برفباری ہوئی ہے اور وہاں 90کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ ترکی سے موصولہ اطلاعات میں دارالحکومت استنبول میں اب تک کی ریکارڈ برفباری ہوئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں