گجرات اسمبلی کے اسپیکر سوائن فلو سے متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-21

گجرات اسمبلی کے اسپیکر سوائن فلو سے متاثر

احمد آباد / نئی دہلی
پی ٹی آئی
گجرات اسمبلی کے اسپیکر گنپت وسو اسوائن فلو سے متاثر ہوگئے ہیں ، انہیں سورت کے مہاویر اسپتال میں کل رات شریک کیا گیا اور علیحدہ کمرہ میں رکھا گیا ہے۔ منگرول سے بی جے پی رکن اسمبلی میں گزشتہ چند دن سے ایچ ون این ون وائرس کی علامتیں دیکھی گئیں۔ طبی معائنہ پر ان کے سوائن فلو سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ۔ ریاست میں سوائن فلو تیزی سے پھیلتا جارہا ہے ۔ ملک کے مختلف حصوں سے وائرس سے مزید اموات کی اطلاعات مل رہی ہے ۔ اسی دوران لکھنو میں مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے اتر پردیش کو وائرس کا مقابلہ کرنے تمام ممکنہ امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ یوپی میں170افراد متاثر ہیں۔ لکھنو شدید متاثرہ ہے۔ کشمیر میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران دو اموات ہوگئیں ۔ جس کے بعد وادی میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد4اور متاثرین کی96ہوگئی ہے۔ کولکتہ میں8سالہ لڑکا ابو رحان کا وائرس کی وجہ سے آج انتقال ہوگیا ۔ شہر میں اب تک تین اموات ہوچکی ہیں ۔ مغربی بنگال میں اس کے46کیسس سامنے آئے ہیں ۔ مدھیہ پردیش سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ بھوپال میں57سالہ ٹیچر کی موت واقع ہوگئی ۔ کرناٹک کے ضلع رائچور میں ایک26سالہ لڑکی اس کا شکار بنی ۔ رائچور میں اس سے9افرا متاثر پائے گئے ۔ ٹاملناڈو میں200افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ گجرات شدید متاثرہ ریاستوں میں شامل ہے جہاں گزشتہ24گھنٹوں میں مزید10افراد مہلک وائرس سے لقمہ اجل ہوگئے ۔ ریاست میں اس سال جنوری سے تا حال186اموات ہوچکی ہیں ۔ ان کے علاوہ266مزید افراد متاثر ہیں ۔ قومی دارالحکومت میں32سالہ حاملہ خاتون کے بشمول3افراد سوائن فلو سے فوت ہوگئے ۔ ملک بھر میں مہلک وائرس سے 703اموات اور تقریباً12ہزار افراد کے متاثر ہونے کی خبر ہے ۔ راجستھان ، گجرات، دہلی مہاراشٹرا اور تلنگانہ میں بڑی تعداد میں یہ وائرس اپنا اثر پھیلاتا جارہا ہے ۔ وزارت صحت نے سوائن فلو سے بچنے کے اقدامات میں مزید تیزی پیدا کی ہے جب کہ84لاکھ کی طبی معائنہ کٹس اور30لاکھ روپے کی ٹامی فلو گولیاں حاصل کی ہیں۔

Gujarat Assembly Speaker Ganpat Vasava tests positive for swine flu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں