کجریوال کے خلاف مودی نہیں ہندوستانی حکومت جنگ لڑ رہی ہے - اجیت جھا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-02

کجریوال کے خلاف مودی نہیں ہندوستانی حکومت جنگ لڑ رہی ہے - اجیت جھا

AMU-old-boys-AAP
سیکولر اور سوشلسٹ جیسے الفاظ کو ترک کئے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے پولٹیکل ایڈوائزری کمیٹی کے رکن اور بہار امور کے انچارج پروفیسر اجیت جھا استعماریت کو ختم کرنے کیلئے تمام پڑھے لکھے، استاذ، شاعرو ادیب کو میدان میں آنا ہوگا کیوں کہ دہلی میں کیجریوال کے خلاف مودی نہیں پوری ہندوستانی حکومت جنگ لڑ رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ دیر رات ایک پروگرام میں کہی۔
پروفیسر جھا نے عام آدمی کے امیدوار امانت اللہ خاں کی حمایت میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دہلی اسمبلی انتخابات کی جنگ کو انقلاب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ آئین پر سوال قائم کئے جارہے ہیں۔ 1947کے بعد یہ پہلاموقع ہے کہ ملک اس طرح کے حالات سے دوچار ہے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو ان حالات سے باہر نکالیں۔
انہوں نے مسلمانوں کی زبوں حالی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان ریاستوں میں بھی مسلمانوں کی حالت اچھی نہیں ہے جہاں فرقہ پرستوں کی حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے ضمن میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو ہندو مسلم خانے میں تقسیم کرنے کے بجائے انہیں مشترکہ طور پر پیش کریں تاکہ وہ حل کی منزل کے قریب تک پہنچ سکیں۔
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن اور اے ایم یو فیٹرنیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں اے ایم یو الومنائی فورم متحدہ عرب امارات کے صدر سید محمد قطب الرحمان نے ہندوستان کے حالات اور دوبئی کے حالات کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں کی نیت صاف ہوتو امن کہیں بھی قائم ہوسکتا ہے۔ دوبئی میں رات میں اکیلی خاتون ٹہل سکتی ہے تو دہلی میں کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت نہیں ہے کہ آپ اس طرح کی باتیں کہ ہندوستانی مسلمانوں کے مسائل اور اس کا حل بلکہ آپ کو ہندوستان کی بات کرنی چاہئے۔ جب ہندوستان کے حالات اچھے ہوں گے تو آپ کے بھی حالات اچھے ہوں گے۔
اے ایم یو اولڈ بوائز اور مشہور سماجی کارکن انجنےئر محمد اسلم علیگ نے صحیح جمہوریت اسی وقت پنپ سکتی ہے جب چیک اینڈ بیلنس موجود ہو ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں اپوزیشن ختم ہوگئی ہے۔ جس کی وجہ سے منمانی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں ایسے شخص کو کھڑا کریں جو کہ چیک اینڈ بیلنس کی صلاحیت رکھتا ہو اور اپنی آواز اٹھاسکتا ہو اور مسٹر کیجریوال اس سلسلے میں موزوں شخص ہیں۔
اے ایم یو مہاراشٹر الومنائی فورم کے صدر اور مشہور سماجی کارکن تنویر عالم نے ملک کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس انقلاب کانعرہ حسرت موہانی نے دیا تھا اس وقت وہی نعرہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اے ایم یو اولڈ بوائز اس راستے پر چلنے کو تیار ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جب سے مودی کی حکومت کی حکومت آئی ہے جہاں فرقٖہ پرستوں سے سر ابھارا ہے وہیں خواتین کی بے حرمتی اور ان کی آبروریزی کے واقعات کثرت سے پیش آنے لگے ہیں۔ملک کو بچانا ہے تو مودی کو روکنا ہوگا۔
اوکھلا حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار امانت اللہ خاں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی موضوع پر مبنی سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور سماجی کارکن اوکھلا کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔اگر انہیں کامیابی ملتی ہے تو وہ اوکھلا کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ انہوں نے اسکول، قبرستان اور اسپتال قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن دہلی کے صدر انجینئر محمد ارشاد نے کہاکہ یہ ہمارے لئے سنہرا موقع ہے کہ اب تاریخ رقم کریں گے اور فرقہ پرستوں کو لگام لگائیں ۔ اگر ان کی کامیابی کارتھ یونہی رواں دواں رہا تو ملک کی سالمیت اور یکجہتی کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔
اروند کیجیریوال کے کلاس فیلودوبئی نشیں صنعت کار سبرتو ساہا نے اس موقع پر کہا کہ اس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں ہے کہ اروندسماجی کام کے تئیں پابند عہد ہیں۔ اس وقت بھی وہ جھگیوں میں کام کرتے تھے جب وہ انکم ٹیکس میں تھے۔ اس کے علاوہ انڈیا ٹوڈے کے ندیم اسرار،ڈی یو کے پروفیسر وی ایس مشرا، نسیم اشرف سابق صدر اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، سرور عالم خاں، شہاب الدین یعقوب، آئی آئی ٹی پروفیشنل امان اللہ سابق لوک سبھا امیدوار جھارکھنڈ،سید شاداب وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ شرکا میں اے ایم یو اولڈ بوائز کے علاوہ کثیر تعداد میں اہم لوگ شامل تھے۔

Instead of Modi Central Govt is fighting against Kejriwal, Ajit Jha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں