بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما کو سزائے موت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-19

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما کو سزائے موت

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
جماعت اسلامی کے ایک اعلیٰ رہنما کو آج، بنگلہ دیش کی خصوصی ٹریبونل نے، جو1971ء میں پاکستان سے جنگ آزادی کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے ضمن میں قائم کی گئی، تشد د بھڑکانے کی پاداش میں سزائے موت سنائی ۔80سالہ عبدالسبحان کو عالمی جرائم کی عدالت ۔2کی سہ رکنی بنچ نے آج یہ سزا سنائی ۔ عدالت نے کہا کہ ان کے خلاف9میں سے6الزامات ثابت ہوچکے ہیں ۔ جو شبہ سے بالاتر ہیں۔ عدالت کے چیرمین عبیدالحق نے165صفحات پر مشتمل فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا کہ’’اسے(عبدالسبحان) سزائے موت دی جائے گی۔‘‘ عدالت کی جانب سے سبحان کو لوٹ مار ، اغوا، آتشزنی اور اذیت رسانی کے جرم میں سزا سنائے جانے کے فوری بعد عدالت کے باہر مشتبہ حکومت مخالف کارکنوں نے تین بم دھماکے کئے جس کے بعد حکام نے احاطہ کی سیکوریٹی سخت کردی ۔ اس فیصلے سے اس ملک میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا ، جہاں سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی زیرقیادت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی( بی این پی) اور اس کی حلیف جماعت اسلامی کی جانب سے گزشتہ سال منعقدہ انتخابات کے مسئلے پر حکومت مخالف مظاہروں میں جنوری سے اب تک100سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ملک کی آزادی کے مخالف جماعت کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات چلانے کے لئے2010ء میں قائم کی گئی جنگی جرائم کی ٹریبونل کی جانب سے سزا پانے والے جماعت کے نائب صدر سبحان17ویں اور آخری سرکردہ شخصیت ہیں۔ چارج شیٹ کے مطابق سبحان نے شمال مغربی پبنہ میں واقع اپنے آبائی ضلع میں300گاؤں والوں کے قتل کے لئے پاکستانی فوجیوں کی رہنمائی کی تھی ۔ عدالت نے پایا کہ سبحان نے خود بھی کئی افراد کو قتل کیا تھا ۔ جنگ آزادی کے اختتام پر سبحان ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے اور اگست1975ء کی بغاوت کے بعد وطن واپس آئے تھے ۔ اس بغاوت میں ملک کی سب سے آزاد حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔ جماعت کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ جنگی جرائم کے الزامات میں ان کی گرفتاری کے ایک سال بعد گزشتہ سال دسمبر میں ان کے خلاف الزامات وضع کئے گئے تھے۔2010ء میں شیخ حسینہ کی سیکولر حکومت کی جانب سے2خصوصی عدالتوں کے قیام کے بعد سے13افراد کو سزائے موت سنائی گئی ۔ ان میں سے ایک جماعت کے جوائنٹ سکریٹری جنرل عبدالقادر ملا بھی ہیں جنہیں موت کی سزا دی جاچکی ہے ۔

Bangladeshi court has sentenced leading Islamist Abdus Subhan to death

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں