اوباما کے دورہ کے دوران حملوں کے خلاف وارننگ بےبنیاد - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-21

اوباما کے دورہ کے دوران حملوں کے خلاف وارننگ بےبنیاد - پاکستان

واشنگٹن
آئی اے این ایس
امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے ہندوستانی میڈیا اطلاعات کی مذمت کی جن میں صدر اوباما کے دورہ ہند کے دوران ایک انتباہی الزام عائد کیا گیا تھا، جلیل عباس جیلانی کے حوالہ سے ڈان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ہندوستانی میڈیا میں اختراع اور واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا رویہ عام ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ امریکی ووزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتہ دورہ پاکستان کے دوران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اسلامی جمہوریہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی تھی ۔ جیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان نے نہ صرف شمالی وزیرستان میں وسیع تر فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہیں بلکہ ملک کے دیگر خطوں میں بھی مماثل کارروائیاں ہورہی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد ایسے تمام عناصر سے ملک کو پاک کرنا ہے ۔ علاوہ ازیں یہ کارروائیاں ہماری اس پالیسی کا ایک اہم حصہ ہیں کہ سر زمین پاکستان کے کسی کو دیگر ممالک پر حملوں کا موقع حاصل نہ ہو۔ ایک ہندوستانی نیو ز ایجنسی نے واشنگٹن سے یہ اطلاع دی تھی کہ صدر اوباما کے دورہ ہند کے دوران سرزمین پاکستان سے(ہندوستان پر)دہشت گرد حملہ کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔
اسلام آباد سے ایک اور رپورٹ میں کہا گیا کہ وارننگ کے چند گھنٹوں بعد ہی پاکستان نے امریکہ کو یہ تیقن دیا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا ۔ واشنگٹن میں نامعلوم ذرائع کے حوالہ سے نیوز ایجنسی نے بتایا کہ یہ وارننگ سابقہ ریکارڈس کے پیش نظر جاری کی گئی کہ اعلیٰ امریکی عہدیداروں کے دورہ ہند کے دوران ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں ۔ واشنگٹن میں سفارتی ذرائع نے تاہم ان اطلاعات کی محض پر وپیگنڈہ جنگ قرار دیا جس کا مقصد اوباما کے دورہ ہند سے قبل برتری کا ثبوت پیش کرنا ، سفارتی ذرائع نے بتایا کہ یہ انتباہ عجیب و غریب ہے ۔ اگر اس کا تجزیہ کیاجائے تو یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ اوباما کے دورہ ہند سے قبل یاما بعد دورہ ایسے حملے جائز ہیں ۔ صرف ان کے دورہ کے دوران اس کی اجازت نہیں ۔ صدر بارک اوباما25جنوری کو3روزہ دورہ ہند پر پہنچیں گے اور26جنوری کو یوم جمہوریہ پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے ۔ بعد ازاں وہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی زیر میزبانی عشائیہ میں شرکت کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں